• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

عمران خان کی اپیل منظور، این اے 95 میانوالی سے انتخابات کیلئے اہل قرار

شائع June 25, 2018

لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ایپلیٹ ٹریبیونل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی پر ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں الیکشن ایپلیٹ ٹریبیونل کے جسٹس فیصل زمان خان نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کے کاغزاتِ نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 95 میانوالی سے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے تھے۔

ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات لگاتے ہوئے انہیں مسترد کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: این اے 131 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل دائر

سماعت کے آغاز میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل نے کاغذاتِ نامزدگی میں اپنے مکمل اثاثے ظاہر کیے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریٹرنگ افسر نے تکنیکی بنیادوں پر حقائق کے برعکس بروقت بیان حلفی جمع نہ کرانے اور اثاثوں کی مالیت ظاہر نہ کرنے کا الزام لگا کر کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے۔

عمران خان کے وکیل نے ٹریبیونل سے استدعا کی کہ ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور چیئرمین تحریک انصاف کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔

اعتراض کنندہ جہانداد خان نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمران خان کا حلف نامہ اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نہیں ہے، جبکہ ہر صفحے پر عمران خان کے دستخط مختلف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 243 کراچی: عمران خان کے کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیل مسترد

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے بچوں کے اثاثے ظاہر نہیں کیے، کاغذات نامزدگی میں 2 بیٹوں کا ذکر کیا ہے لیکن بیٹی کا ذکر نہیں کیا۔

ڈائریکٹر لیگل الیکشن کمیشن چوہدری عمر حیات کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسر نے قانون کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد کیے، اسی لیے عمران خان کی اپیل خارج کی جائے۔

ایپلیٹ ٹریبیونل نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جبکہ عمران خان کو این اے 95 میانوالی سے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار دے دیا۔

علیم خان کے کاغذات کےخلاف ایاز صادق کی اپیل مسترد

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے ایپلٹ ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علیم خان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف سابق اسپیکر قومی اسمبلی و مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کی اپیل مسترد کردی۔

سردار ایاز صادق کی اپیل پر ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس سلیم شیخ نے فیصلہ سناتے ہوئے اپیل مسترد کر دی۔

ایاز صادق نے تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالعلیم خان نے کاغذات نامزدگی میں ذرائع آمدن کے بارے میں غلط بیانی کی اس لیے ٹربیونل سے استدعا ہے کہ وہ علیم خان کے کاغذات نامزدگی مستر کرنے کا حکم دے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024