• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عام انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق درخواستیں مسترد

شائع June 25, 2018

اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان ( ای سی پی ) نے عام انتخابات 2018 کو ملتوی کرنے اور سابقہ قبائلی علاقے فاٹا کی صوبائی نشستوں پر ملک بھر کے ساتھ انتخابات کرانے کی درخواستیں مسترد کر دیں۔

چیف الیکشن کمیشن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق 3 درخواستوں کی سماعت کی۔

متحدہ قبائل پارٹی کی جانب سے دائر درخواست پر وکیل فروغ نسیم نے بتایا کہ سابقہ قبائلی علاقے فاٹا میں عام انتخابات کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی ضرورت ہے، فاٹا کی ایک فیصد نشستیں ہوتیں تو مسئلہ نہیں ہوتا لیکن 15 فیصد نشستوں پرانتخابات نہیں کرائے جاسکتے۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے حتمی انتخابی فہرستیں شائع کر دیں

اس دوران رکن خیبرپختونخوا ارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ انتخابی شیڈول جاری ہوچکا ہے، کیا آپ چاہتے ہیں کہ انتخابات میں تاخیر کریں۔

جس پر فروغ نسیم نے کہا کہ اگر فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات نہیں کروائے گئے تو 15 فیصد عوام نمائندگی سے محروم رہیں گے۔

فروغ نسیم نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواستیں بھی اسی درخواست کا حصہ ہیں، کیونکہ 25 جولائی کو جنوبی پنجاب میں گرمی بہت پڑنے والی ہے۔

فروغ نسیم کے اعتراض پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر ہم سردیوں میں انتخابات کرواتے تو کہا جاتا کہ کاغان میں سردی بہت ہے، وہاں کے عوام کہیں گے کہ باہر نہیں نکل سکتے۔

اس دوران رکن بلوچستان شکیل آفریدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات مئی میں ہوئے تھے، اس وقت بھی بہت گرمی تھی، جس پر فروغ نسیم نے کہا تھا کہ مئی کی نسبت جولائی میں زیادہ گرمی ہوتی ہے۔

چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی درخواست کا فاٹا کے حالات سے کیا تعلق ہے؟ جس پر فروغ نسیم نے کہا کہ دونوں میں ایک ہی استدعا کی گئی ہے۔

فروغ نسیم نے کہا کہ انتخابات اگر 2 سے 5 ماہ کے لیے ملتوی کردیے جائیں تو کوئی حرج نہیں لیکن ایک سال بعد انتخابات سے قبل از وقت دھاندلی ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2018 انتخابات کا وقت پر انعقاد انتخابی اصلاحات بل میں ترمیم سے مشروط

اس موقع پر درخواست گزار چوہدری رمضان اور شاہ محمد جتوئی کی انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے درخواستوں پر بھی سماعت ہوئی، جس پر وکیل کامران مرتضیٰ نے دلائل دیے کہ اگر بحث کے بغیر آئینی ترمیم ہو گی تو ایسے ہی مسائل پیدا ہوں گے، ایک دن انتخابات کرانے کا مقصد یہ ہے کہ کوئی اثر انداز نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب کی مثالیں موجود ہیں، جس کی حکومت ہو کامیابی اسی کو ملتی ہے، یہ نہیں کہتا کہ انتخابات ملتوی کیے جائیں بلکہ انتخاب سب جگہ ایک ہی دن کرائے جائیں۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے ان درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے تینوں درخواستوں کو مسترد کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024