ورلڈ کپ میں برازیل، نائجیریا اور سوئٹزرلینڈ کی فتح
فٹبال ورلڈکپ میں برازیل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انجری ٹائم میں گول کر کے کوسٹاریکا کو 2-0 سے شکست دیتے ہوئے ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔
روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں کھیلے گئے گروپ ای کے میچ میں برازیل کا مقابلہ کوسٹاریکا سے ہوا جس میں مجموعی طور پر برازیل کی ٹیم چھائی رہی۔
پہلے ہاف میں برازیل کو گول کرنے کے متعدد مواقع ملے لیکن کوسٹاریکا کے گول کیپر کے عمدہ کھیل اور موثر فنشنگ نہ ہونے کے سبب وہ برتری حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
دوسرے ہاف میں بھی برازیل کو کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا رہا اور کوسٹاریکا نے انہیں 90منٹ تک گول کرنے سے باز رکھا۔
میچ بار بار رکنے اور پے درپے فاؤل کے سبب 7 منٹ کا انجری ٹائم دیا گیا اور کوسٹاریکا کی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب میچ کے 91ویں منٹ میں کوٹنہو نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر برازیل برتری دلا دی۔
میچ کے اختتام پر برازیل نے کوسٹاریکا کے کمزور ہوتے دفاع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار حملہ کیا جس پر نیمار نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔
دن کے دوسرے میچ میں نائجیریا کی ٹیم نے آئس لینڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 2-0 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں رسائی کی امیدیں کو پھر سے زندہ کر لیا۔
وولگوگراڈ میں گروپ ڈی کے میچ میں کروشیا کے خلاف پہلے میچ میں شکست سے دوچار ہونے والی نائیجریا کی ٹیم کا مقابلہ آئس لینڈ سے ہوا۔
نائجیریا نے گزشتہ میچ کے بالکل برعکس آئس لینڈ کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے آئس لینڈ کے خلاف ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا جبکہ اس میچ میں ان کے دفاع کا کھیل بھی بہت عمدہ رہا۔
پہلے ہاف میں دونوں ہی ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے ہاف کے چوتھے منٹ میں موسیٰ نے گول کر کے نائجیریا کو برتری دلائی اور پھر میچ کے 75ویں منٹ میں عمدہ گول کر کے اسے دگنا کردیا۔
آئس لینڈ کی ٹیم کو خسارہ کم کرنے کا نادر موقع اس وقت ملا جب ریفری نے انہیں پینالٹی ایوارڈ کردی لیکن آئس لینڈ کے گلفی سیگوروسون نے گیند کو باہر پھینک دیا۔
اس کے بعد آئس لینڈ کی ٹیم کو مزید کوئی موقع نہ ملا اور میچ 2-0 سے نائجیریا کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
دن کا تیسرا میچ سوئٹزرلینڈ اور سربیا کے درمیان کھیلا گیا جس میں سوئس ٹیم نے خسارے میں جانے کے باوجود عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
میچ کے آغاز میں ہی سربیا کے ایکزینڈر میکرووک نے گول کر کے سب کو حیران کردیا اور کوشش کے باوجود سوئس ٹیم پہلے ہاف میں خسارہ کم نہ کر سکی۔
دوسرے ہاف کے ساتویں منٹ میں گرینٹ ژھاکا کے گول کی بدولت سوئٹزرلینڈ نے مقابلہ برابر کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دوبارہ برتری کے حصول کی جنگ شروع ہوئی۔
ڈرا کی جانب گامزن میچ کے 90منٹ میں سوئٹزرلینڈ کے شکیری نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرادیا۔