پہلی بار فٹ بال ورلڈ کپ کیلئے قرۃ العین بلوچ کی آواز میں گانا ریلیز
روس میں جاری 21 ویں فٹ بال ورلڈ کپ کا فیفا کی جانب سے جاری کردہ آفیشل گانا ’لو اٹ اپ‘ یوں تو کپ شروع ہونے سے ایک ماہ قبل ہی جاری کردیا گیا تھا۔
تاہم اب ملٹی نیشنل مشروب کمپنی ’کوکا کولا‘ نے بھی پہلی بار پاکستان میں فٹ بال ورلڈ کپ کا خصوصی اینتھم سانگ جاری کردیا۔
خیال رہے کہ فٹ بال ورلڈ کپ کے موقع پر نہ صرف کوکا کولا بلکہ دیگر ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی اپنے خصوصی سانگ اور اینتھم ریلیز کرتی ہیں۔
یہ گانے بھی دیکھیں: فیفا کے ’واکا واکا‘ کا سحر ’لو اٹ اپ‘ بھی نہ توڑ سکا
دنیا کے متعدد ممالک میں پہلے ہی دیگر کمپنیوں نے فیفا کپ کے لیے خصوصی گانے ریلیز کیے تھے، تاہم اب ملٹی نیشنل کمپنی نے پاکستان میں بھی پہلی بار خصوصی گانا جاری کردیا۔
فٹ بال ورلڈ کپ کے موقع پر پہلی بار پاکستان میں جاری کیے گئے خصوصی اینتھم گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں امریکی سانگ رائیٹر اور ریپر جیسن ڈیرولو اور پاکستانی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ قرۃ العین بلوچ نے کسی فیفا یا اسپورٹس آفیشل گانے میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اسے بیک وقت انگریزی اور اردو میں گایا گیا ہے، جب کہ ساتھ ہی ساتھ اس میں پنجابی کا تڑکا بھی لگایا ہے۔
پرجوش موسیقی سے بھرپور اس گانے میں کراچی سے لے کر افریقہ او امریکا کے لوگوں کو کسی بھی پریشانی سے آزاد ہوکر فٹ بال کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
گانے میں خصوصی طور پر پاکستان کی مرد و خواتین کی فٹ بال ٹیموں کو بھی دکھایا گیا ہے۔
فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے پہلی بار گانا گانے پر گلوکارہ قرۃ العین بلوچ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا۔ گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام پر امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو کے ساتھ لی گئی تصاویر بھی شیئر کیں۔
فٹ بال ورلڈ کپ پر ہماری خصوصی کوریج پڑھیں۔