• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

میسی نے پینالٹی ضائع کردی، ارجنٹائن فتح سے محروم

شائع June 16, 2018 اپ ڈیٹ June 17, 2018
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فیصلہ کن گول اسکور کرنے پر فرانس کے کھلاڑی پال پوگبا کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فیصلہ کن گول اسکور کرنے پر فرانس کے کھلاڑی پال پوگبا کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ورلڈ کپ میں بھیانک غلطی کے سبب ارجنٹائن کی ٹیم پہلی کامیابی سے محروم ہو گئی اور آئس لینڈ اور ارجنٹائن کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا جبکہ فرانس نے آسٹریلیا کو 2-1 سے شکست دی۔

ہفتے کو کھیلے گئے دن کے پہلے میچ میں روس کے شہر کازان میں 1998 کی ورلڈ کپ چیمپیئن فرانس اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں جہاں توقعات کے برعکس دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

ورلڈ کپ کے لیے فیورٹ قرار دی جانے والی فرانس کی ٹیم میچ کے پہلے ہاف میں توقعات کے مطابق کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی اور آسٹریلیا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فرانس کو گول کرنے سے باز رکھا البتہ وہ خود بھی کوئی گول نہ کر سکی۔

دوسرے ہاف کے 58ویں منٹ میں آسٹریلین کھلاڑی کا فاؤل ہوا لیکن ریفری نے اسے فاؤل تصور نہ کیا تاہم فرانسیسی ٹیم کے اعتراض پر ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ویڈیو ری پلے کا استعمال کیا گیا۔

ضرور پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ کی خصوصی کوریج

ویڈیو ری پلے نے فاؤل کی تصدیق کر دی جس پر فرانس کو پینالٹی ایوارڈ کی گئی اور انٹونیو گریز مین نے اس پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

فرانس کی یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 4 منٹ بعد ہی ریفری نے آسٹریلیا کو پینالٹی دے دی جس پر جیڈی ناک نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔

آسٹریلیا نے فرانس کی ٹیم کا بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے انہیں گول کرنے سے باز رکھنے کی لاکھ کوشش کی لیکن 81ویں منٹ میں فرانسیسی اسٹار پال پوگبا نے گول کر کے فرانس کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

جب ریفری نے میچ کے اختتام اعلان کیا تو اسکور بورڈ پر 2-1 کا ہندسہ فرانس کی فتح کا اعلان کر رہا تھا۔

ارجنٹائن بمقابلہ آئس لینڈ

ورلڈ کپ کے تیسرے دن کا دوسرا میچ ماسکو کے اسپارٹک اسٹیڈیم میں ارجنٹائن اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی آئس لینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔

میچ کے لیے ارجنٹائن کی ٹیم کو واضح فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا اور اگویرو نے میچ کے 19منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلا کر یہ ثابت کردیا۔

تاہم 4منٹ بعد ہی الفریڈ فنن بوگاسن نے آئس لینڈ کے لیے ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا گول کرنے کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مقابلہ بھی برابر کردیا۔

اس کے بعد ارجنٹائن نے دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کافی کوشش کی لیکن میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے اور مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔

لیونل میسی کی جانب سے پینالٹی مارنے کا منظر— فوٹو: اے پی
لیونل میسی کی جانب سے پینالٹی مارنے کا منظر— فوٹو: اے پی

میچ کے دوسرے ہاف میں بھی ارجنٹائن کی ٹیم چھائی رہی اور اس نے گول کے حصول کے لیے کافی کوششیں کی جس کے نتیجے میں 63ویں منٹ میں آئس لینڈ کے دفاعی کھلاڑی کی غلطی کی وجہ سے ریفری نے ارجنٹائن کو پینالٹی ایوارڈ کر دی۔

ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے خود پینالٹی مارنے کا فیصلہ کیا لیکن اسٹیڈیم میں موجود شائقین اس وقت دم بخود رہ گئے جب دنیا کے سب سے امیر فٹبالر اور سپر اسٹار ایک 34سالہ گول کیپر اور پارٹ ٹائم فلم ڈائریکٹر کے خلاف گول کرنے میں ناکام رہے۔

اس کے بعد دو مرتبہ کی سابقہ عالمی چیمپیئن نے حریف پر مزید دباؤ بڑھا دیا لیکن انتہائی کوشش کے باوجود وہ مزید کوئی گول اسکور نہ کر سکے۔

ارجنتائن کی جانب سے میسی کی کاوشوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ میچ میں انہوں نے 13مرتبہ حریف ٹیم کے گول کو ٹارگٹ کیا لیکن ایک مرتبہ بھی گیند کو جال میں نہ پہنچا سکے۔

ڈنمارک بمقابلہ پیرو

فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ سی کے دوسرے میچ میں ڈنمارک نے پیرو کو شکست دے کر قیمتی 3 پوائنٹس اپنے نام کر لیے۔

روس کے شہر سارنسک کے مورڈوویا ارینا میں کھیلے گئے میچ میں پیرو اور ڈنمارک دونوں نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے کے گول پر متعدد حملے کیے لیکن دونوں ٹیمیں پہلے ہاف میں گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی میچ کے 49ویں منٹ میں ڈنمارک کے یوسف پالسن نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

اس کے چند ہی لمحوں بعد ڈنمارک کی ٹیم نے فاؤل کیا اور ویڈیو ریفری کی مدد سے امپائر نے پیرو کو پینالٹی دے دی لیکن پیرو کے شائقین کے چہروں پر چھائی خوشی اس وقت مایوسی میں بدل گئی جب کیووا نے تیز شاٹ مارنے کی کوشش میں گیند گول پوسٹ کے انتہائی اوپر سے باہر پھینک دی۔

اس نادر موقع کو گنوانے کے ساتھ ساتھ فنشنگ نہ ہونے کے سبب پیرو کی ٹیم مزید مواقعوں سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکی اور میچ میں 1-0 کی شکست سے دوچار ہو گئی۔

کروشیا بامقابلہ نائیجیریا

16 جون کو ہونے والے گروپ ڈی کے ایک اور میچ میں کروشیا نے کروشیا نے نائیجیریا کو 2-0 سے شکست دے دی۔

روسی شہر کلیننگراڈ میں کھیلے گئے اس میچ کی ابتدا میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن نائیجیریا کے نوجوان کھلاڑی اوگھنیکارو اتیبو کے اون گول کی وجہ سے کروشیا کو برتری حاصل ہوگئی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں کروشیا کو 71ویں منٹ میں پینالٹی اسٹروک مل گیا جس کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے کروشین ٹیم کپتان لوکا موڈرک نے جال میں پہنچا کر ٹیم کا اسکور 2-0 کردیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

اس فتح کے ساتھ ہی کروشیا کو 3 پوائنٹس حاصل ہوگئے اور وہ گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی جبکہ ارجنٹائن اور آئس لینڈ دونوں کا میچ برابر ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کا ایک ایک پوائنٹ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024