سائنسدانوں نے فٹبال ورلڈ کپ فاتح کی پیشگوئی کردی
فٹبال ورلڈکپ کا ابھی (14 جون) آغاز ہوا ہے مگر اس کے ممکنہ فاتح کا نام ایک مہینے پہلے ہی سامنے آگیا ہے۔
جی ہاں واقعی، ویسے تو عام طور پر بک میکرز کی جانب سے ٹیموں کی ممکنہ کامیابی یا ناکامی کو مدنظر رکھ کر شرطیں لگائی جاتی ہیں، مگر اب 2018 چل رہا ہے اور دنیا مشین لرننگ اور آرٹی فیشل ٹیکنالوجی (اے آئی) میں بہت زیادہ پیشرفت کرچکی ہے۔
اب ان دونوں ٹیکنالوجیز کی مددد سے ہی متعدد گروپس نے روس میں جاری فٹبال ورلڈکپ کے حوالے سے پیشگوئیاں کی ہیں۔
مزید پڑھیں : ورلڈ کپ میں روس کا فاتحانہ آغاز، سعودی عرب کو 0-5 سے شکست
ایک رپورٹ کے مطابق ان میں سے ایک جرمنی کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم بھی ہے۔
اس حوالے سے اس ٹیم نے مشین لرننگ ٹیکنالوجی اور کمپیوٹرز کو استعمال کرتے ہوئے ہر ٹیم کی جانب سے ہر میچ میں کیے جانے والے متوقع گولز کی پیشگوئی کی۔
اس پیشگوئی کے لیے ٹیموں کی قابلیت اور انفراد سطح پر کھلاڑیوں کی ماضی میں کارکردگی کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
اور سائنسدانوں نے ورلڈکپ کے فاتح کے طور پر کس ٹیم کا نام چنا؟ ویسے یہ اتنا بھی غیرمتوقع نہیں کیونکہ یہ ٹیم ماضی میں بھی ایک بار چیمپئن بن چکی ہے۔
اور وہ ٹیم ہے اسپین، جس کے تحقیقی ٹیم کے مطابق ورلڈکپ جیتنے کے امکانات 17.8 فیصد ہیں، جبکہ جرمنی دوسرے، برازیل تیسرے، فرانس اور بیلجیئم بالترتیب چوتھے اور 5 ویں نمبر پر ہیں۔
فٹبال ورلڈکپ کی تازہ ترین خبریں یہاں دیکھیں
تاہم تحقیقی ٹیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسپین کو یقینی فاتح کے طور پر نہیں چنا، بلکہ یہ انتخاب ورلڈکپ مقابلوں کے اسٹرکچر کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپین کو جرمنی پر معمولی سبقت اس لیے حاصل ہے، کیونکہ موجودہ چیمپئن ٹیم کے حوالے سے اس بات کے امکانات بہت زیادہ ہیں کہ وہ کوارٹرفائنل تک نہیں پہنچ سکے گی، تاہم اگر وہ لاسٹ ایٹ مرحلے میں پہنچتی ہے تو جرمن ٹیم اسپین کے مقابلے میں زیادہ فیورٹ ہوجائے گی۔
دوسری جانب فنانشنل کمپنی گولڈمین Sachs نے برازیل کو 2018 کے ورلڈ کپ مقابلے کا فاتح چنا ہے، جو کہ فائنل میں ممکنہ طور پر جرمنی کو شکست دے کر چیمپئن بنے گا۔
اس کمپنی کے مطابق 2 لاکھ ڈیٹا ماڈلز اور پورے ورلڈکپ کے 10 لاکھ سمولیشن کے بعد یہ انتخاب کیا گیا۔
مشین لرننگ ٹیکنالوجی نے ٹیموں اور کھلاڑیوں کی صلاحیت کے ساتھ ان کی ماضی کی کارکردگی کا تجزیہ کرکے یہ پیشگوئی کی۔
ویسے دلچسپ بات یہ ہے کہ 2014 میں بھی اس کمپنی نے برازیل کی کامیابی کی پیشگوئی کی تھی مگر جرمنی نے کامیابی حاصل کی۔