سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 پہلے سے بہتر کیسے ہوگا؟
سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 9 کو جولائی کے آخر یا اگست کے آغاز میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے مگر اس کے حوالے سے لیکس روز سامنے آرہی ہیں۔
مزید پڑھیں : سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 اگست میں متعارف کرائے جانے کا امکان
اب ایک نئی لیک سامنے آئی ہے اور اس کے مطابق جنوبی کورین کمپنی، گلیکسی نوٹ 9 کو اپنے دیگر فونز سے زیادہ بہتر اور بڑا بنانا چاہتی ہے۔
امریکی جریدے فوربس کے مطابق گلیکسی نوٹ 9 ممکنہ طور پر 6.4 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا یعنی گزشتہ سال کے گلیکسی نوٹ 8 سے ایک انچ بڑا، اس طرح یہ مارکیٹ میں دستیاب سام سنگ کا سب سے بڑا ڈسپلے والا فون ثابت ہوگا۔
اس سے قبل یہ بات پہلے ہی سامنے آچکی ہے کہ یہ سام سنگ کا پہلا فون ہوگا جس میں 512 جی بی اسٹوریج دی جارہی ہے، جبکہ مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ کی مدد سے صارفین اسٹوریج کو 1 ٹی بی تک بڑھا سکیں گے۔
سام سنگ نے اس فون کے بیک کیمرہ سیٹ اپ اور فنگر پرنٹ اسکینر کی پوزیشن کو تھوڑا تبدیل کیا ہے، جس کی بدولت اب فون میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری کو دینے کا موقع مل سکے گا اور اس طرح یہ ابھی دستیاب پہلا سام سنگ فون ہوگا، جس میں اتنی بڑی بیٹری دی جارہی ہے۔
اور ہاں یہ پہلا سام سنگ فون بھی ثابت ہونے والا ہے جس میں 8 جی بی ریم دیئے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سام سنگ کا نیا گلیکسی نوٹ 9 کیسا ہوگا؟
سام سنگ کو ماضی میں گلیکسی ایس 8، ایس 8 پلس، ایس 9 اور ایس 9 پلس کے ساتھ گلیکسی نوٹ 8 کے فرنٹ کیمرے کے رزلٹ کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تو اب جنوبی کورین کمپنی نوٹ 9 میں بھی اپنی تاریخ کا سب سے بڑا فرٹ کیمرہ دینے والی ہے، جس سے کم روشنی میں اچھی تصاویر لینے میں مدد ملے گی۔
اس سے ہٹ کر فون میں ایس 9 پلس جیسا 12، بارہ میگا پکسل کا بیک کیمرہ سیٹ اپ دیا جائے گا، ڈیجیٹل اسسٹنٹ بیکسبی کا نیا ورژن اور اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر دیا جائے گا۔
جہاں تک اس کی قیمت کی بات ہے تو گلیکسی نوٹ 8 کی قیمت 930 ڈالرز سے شروع ہوئی تھی (مختلف ورژن اور فیچرز والے ماڈلزکی قیمت اس سے بھی زیادہ تھی) تو گلیکسی نوٹ 9 کی قیمت بھی 950 ڈالرز سے کم ہونے کا امکان نہیں۔