• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

‘ماضی میں عورت کی حکمرانی قبول نہ تھی،آج بیٹی کو ملک کی کمان سونپ دی’

شائع June 13, 2018

راولپنڈی: سابق وزیرِ داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک عورت اقتدار کے منصب پر قبول نہ تھی، لیکن آج اپنی صاحبزادی کو پاکستان کی کمان سونپ دی۔

راولپنڈی کی چک بیلی روڈ حرکہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز اس ذمہ داری کے قابل نہیں ہیں جوانہیں سونپی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1988 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو خاتون ہونے کی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سابق قائد بینظیر بھٹو کی حکمرانی قبول نہیں تھی لیکن آج انہوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی کمان اپنی بیٹی کو سونپ دی۔

سابق وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ ’میرے مخالف انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا ایسا امیدوار سامنے آرہا ہے جس نے علاقے میں کوئی کام کرکے نہیں دکھایا۔

مزید پڑھیں: چوہدری نثار کا آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ وہ 18 جون کو باقاعدہ طور پر جلسے سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان اور مسلم لیگ (ن) کی راہیں جدا ہونے کی متضاد اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں جبکہ انہیں پارٹی کی جانب سے آئندہ انتخابات کے لیے ٹکٹ بھی نہیں دیا گیا.

یاد رہے کہ 11 جون کو سابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے راولپنڈی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘پارٹی نے ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دے دیے، اس لیے اب آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا اور اب زیادہ محنت کی ضرورت ہے’۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری نثار کی نواز شریف پر پہلی بار براہِ راست تنقید

خیال رہے کہ چوہدری نثار 2 قومی اور پنجاب کی 2 صوبائی نشستوں کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔

این اے 63 ٹیکسلا کے لیے چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی سردار سلطان نے جمع کرائے۔

چوہدری نثار علی خان نے راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 59 اور پی پی 10 اور پی پی 12 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

ان نشستوں کے لیے چوہدری نثار کی جانب سے کاغذات نامزدگی شیخ اسلم اورشیخ ساجد نے جمع کرائے۔

10 جون کو اپنے ایک بیان میں سابق وزیر داخلہ نے پارٹی کے ٹکٹوں کے اجرا کے طریقہ کار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ٹکٹ نہ دینے کے لیے ڈرامے کیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ نہ ان کے ٹکٹ کا امیدوار ہوں اور نہ ہی اس کا محتاج ہوں اور علالت سے صحت یابی کے بعد سارے امور پر کھل کر اظہار کروں گا۔

چوہدری نثار نے کہا تھا کہ ‘اس وقت جاتی امرا والوں کو کہتا ہوں کہ ڈراموں اور بچگانہ حرکتوں سے نہ اپنا مذاق اڑائیں اور نہ ہی میری تضحیک کریں۔’

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024