• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

لاہور: پنجاب کی 6 رکنی نگراں کابینہ نے حلف اٹھالیا

شائع June 11, 2018

لاہور: صوبہ پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ پروفیسر حسن عسکری کی 6 رکنی نگراں کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔

اس حوالے سے گورنر ہاؤس پنجاب میں تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا، جہاں گورنر پنجاب رفیق رجوانا نے کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ پروفیسر حسن عسکری سمیت صوبے کی دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

مزید پڑھیں: پروفیسر حسن عسکری نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا

پنجاب کی نگراں کابینہ میں وقاص ریاض، زیڈ ایم رضوی، انجم نثار، جوادساجد، سابق آئی جی شوکت جاوید اور سابق چیئرمین واپڈا ظفر محمود شامل ہیں۔

اس موقع پرنگراں وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے وزرا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا نگران سیٹ اپ مکمل طور پر غیرسیاسی اور غیر جانبدار ہے اور ہمارا مقصد ہے کہ انتخابات کا پرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے کہ 8 جون کو پروفیسر حسن عسکری نے پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کو مشکوک بنادیا، ایسا لگ رہا ہے کہ انتخابات شفاف نہیں ہوں گے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نگراں سیٹ اپ غیر جانبدار ہونا اور نظر آنا چاہیے، نو منتخب نگراں وزیراعلیٰ حسن عسکری اپنے کالموں میں انتخابات ملتوی ہونے کا ذکر کرچکے ہیں،ان کے ٹوئٹس اور آرٹیکلز میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف تعصب ظاہر ہوتا ہے۔

پروفیسر حسن عسکری کون ہیں؟

پروفیسر حسن عسکری ایک مشہور ماہر سیاسیات اور عسکری تجزیہ کار ہیں اور پنجاب یونیورسٹی میں پروفیسر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

پروفیسر حسن عسکری نے 1960 سے 1964 تک گورنمنٹ کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی، بعد ازاں 1968 میں پنجاب یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس اور انگلش لٹریچر میں گریجویشن مکمل کیا۔

اس کے بعد 1979 میں یونیورسٹی آف پینسلوینیا سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز اور ایک برس بعد اسی جامعہ سے پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کیا۔

پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ 1996 سے 1999 تک کولمبیا یونیورسٹی میں پاکستان اسٹڈیز کے وزٹنگ پروفیسر بھی رہے، اس کے علاوہ وہ 1988 سے 1991 تک جرمنی کی ہیڈلبرگ یونیورسٹی میں بھی پروفیسر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: پروفیسر حسن عسکری پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ مقرر

پروفیسر حسن عسکری مختلف ملکی اور بین الاقوامی اخبارات اور جرائد میں مختلف موضوعات پر لکھتے رہے ہیں اور وہ 35 سال سے زائد عرصے سے شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔

پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ پروفیسر حسن عسکری مقامی سطح کے ساتھ ساتھ جرمنی اور امریکا کی جامعات میں جنوبی ایشیائی معاملات، تقابلی سیاست، بین الاقوامی تعلقات، پاکستان کی اندرونی اور بیرونی پالیسی، سول ملٹری تعلقات، مشرق وسطیٰ اور خلیج خطے سے متعلق موضوعات پر لیکچر دیتے رہے ہیں۔

2010 میں حکومت پاکستان کی جانب سے ان کی خدمات پر انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024