• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

‘انتخابات میں دھاندلی ملک کو تاریکی میں دھکیل دے گی‘

شائع June 6, 2018

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد شہباز شریف نے انتخابات صاف اور شفاف نہ ہونے پر سنگین نتائج سے خبردار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ‘اگر انتخابات صاف اور شفاف نہیں ہوئے تو پاکستان کا مستقبل تاریک ہوگا’۔

یہ بھی پڑھیں: بتایا جائے مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ کیا ہے، چوہدری نثار

لاہور میں حکومتِ پنجاب کی 5 سالہ کارکردگی سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کی بدولت تمام ریاستی ادارے مستحکم ہوں گے اور اس طرح پاکستان ترقی اور کامیابی کے اگلے دور میں داخل ہوگا، اگر مسلم لیگ (ن) دوبارہ اقتدار میں آئی تو پارٹی کے خلاف تمام سازشیں دم توڑ جائیں گی’۔

نواز شریف اور مریم نواز کی ریاستی اداروں بشمول عدلیہ اور آرمی پر متنازع بیان سے متعلق سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ ‘ملک میں 4 مرتبہ مارشل لا لگا جس کے باعث ادارے کمزور ہو گئے، میں اداروں سے محاذ آرائی کا قائل نہیں، ان کے مابین کوئی جھگڑا نہیں، ہم کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں اگر ریاستی اداروں کے مابین روابط اور اتفاق نہ ہو’۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آتے ہی بھاشا ڈیم پر کام شروع کرے گی اور پانی کی قلت اور بجلی کی کمی کو دور کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ‘اس میں کوئی شک نہیں کہ بھاشا ڈیم ملک کی اہم ضرورت ہے لیکن اس ضمن میں قومی اتحاد درکار ہے، اگر ہم حکومت میں آئے تو بھاشا ڈیم پر کام شروع کریں گے اور اسے جلد از جلد مکمل کریں گے’۔

مزید پڑھیں: حکمراں جماعت کو سینیٹ انتخابات میں ناکامی کا سامنا کیوں کرنا پڑا؟

انہوں نے واضح کیا کہ اگر انتخابات میں ناکامی کا سامنا رہا تو اپوزیشن میں اپنا کردار نبھائیں گے۔

صاف پانی کمپنی کیس میں حمزہ شہباز اور ان کے داماد عمران علی کی قومی احتساب بیورو (نیب) میں عدم پیشی سے متعلق سوال پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ ‘تحقیقات شفاف نہیں ہو رہی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ اس معاملے پر نیب کے سامنے پیش ہوں گے، ان کی حکومت نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر 70 ارب روپے بچائیں‘۔

انہوں نے نیب کی کارکردی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ‘نیب بندوق کی گولی کی طرح کام کررہی ہے اور مخصوص احتسابی عمل کے ذریعے نظام نہیں چلتا ہے، حکام نیب سے خوفزدہ ہیں’۔

شہباز شریف نے کہا کہ ‘4 ہزار سے زائد اہلکاروں اور فوجی افسران نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، حکومت پنجاب نے آرمی کو افغانستان سرحد پر حفاظتی باڑ کے لیے 1 ارب روپے دیئے’۔

یہ پڑھیں: نیب کا مسلم لیگ (ن) کے ایک اور رہنما کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ

شہباز شریف نے ریحام خان کی کتاب سے متعلق الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ‘ریحام خان سے میری ملاقات پی ٹی آئی کے دھرنے سے قبل پی ٹی وی کے پروگرام میں ہوئی اور وہ پہلی اور آخری ملاقات تھی’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘مسلم لیگ (ن) گزشتہ 5 برس میں 5 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں لائی جبکہ خیبر پختونخوا میں عمران خان کی حکومت 6 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کر سکی’۔


یہ خبر 6 جون 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024