• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان 134 رنز پر ڈھیر، انگلینڈ اننگز اور 55 رنز سے فاتح

شائع June 3, 2018 اپ ڈیٹ June 4, 2018
پاکستانی بلے باز اظہر علی کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی بلے باز اظہر علی کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے پاکستان کو سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 55رنز سےشکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

لیڈز میں کھیلے جا گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے 302 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو جوز بٹلر پاکستانی باؤلرز کی راہ میں حائل تھے۔

بٹلر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگا جا سکتا ہے کہ تیسرے دن کی صبح انگلینڈ نے اپنے گزشتہ اسکور میں مزید 61 رنز کا اضافہ کیا جس میں سے 46رنز بٹلر نے بنائے۔

انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 363 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ جوز بٹلر نے ناقابل شکست 80 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو پہلی اننگز میں 189 رنز کی فیصلہ کن برتری دلائی۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ حسن علی، محمد عامر اور محمد عباس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

189 رنز کے خسارے کے بعد پاکستانی اننگز کا آغاز ایک مرتبہ پھر مایوس کن انداز میں ہوا اور اظہر علی 11 اور حارث سہیل 8 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی وکٹ بن گئے۔

پاکستان کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب تجربہ کار اسد شفیق لیگ اسٹمپ سے باہر جاتی گیند پر غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر امام الحق کا ساتھ دینے عثمان صلاح الدین آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل بیٹنگ کرتے ہوئے تھوڑی دیر کے لیے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روک دیا۔

دونوں نوجوان کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 42رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس مرحلے پر امام کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 34رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

امام کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کو پاکستان کی بساط لپیٹنے میں زیادہ مشکلات پیش نہیں آئیں اور پوری ٹیم صرف 134 رنز پر ڈھیر ہو کر میچ میں اننگز اور 55رنز کی بدترین شکست سے دوچار ہوئی۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی ٹرافی کے ہمراہ تصویر— فوٹو اے ایف پی
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی ٹرافی کے ہمراہ تصویر— فوٹو اے ایف پی

کپتان سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر ٹیم کے لیے کچھ نہ کر سکے اور صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان 4، عثمان صلاح الدین 33، فہیم اشرف 3، حسن علی 9 اور محمد عباس صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور ڈومینک بیس نے تین، تین جبکہ اینڈرسن نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے دو میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔

جوز بٹلر کو 80رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ 10 وکٹیں لینے پر محمد عباس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024