ڈوپنگ پابندی کے سبب پیرو کے کپتان فیفا ورلڈ کپ سے باہر
لیما: پیرو کی فٹ بال ٹیم کے کپتان اور ریکارڈ گول اسکورر پاؤلو گوریرو ڈرگ پابندی میں اضافے کے باعث آئندہ ماہ شیڈول ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
گزشتہ سال اکتوبر میں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر گیوریرو پر ابتدائی طور پر 12 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی تاہم فیفا اپیل کمیٹی نے ان کی معطلی کی سزا آدھی کر دی تھی۔
تاہم ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں فیفا کمیٹی کے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی اور کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے ان کی سزا بڑھا کر 14 ماہ کر دی۔
عدالت کا کہنا ہے کہ گوریرو نے واڈا کے قوانین کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے ان کی سزا 6 ماہ سے بڑھا کر 14 ماہ کی گئی ہے۔ پیرو کے کپتان گوریرو نے ملک کی طرف سے 86 میچز میں 32 گولز کر رکھے ہیں جو ملکی ریکارڈ بھی ہے۔
واضح رہے کہ پیرو نے نومبر میں نیوزی لینڈ کو پلے آف میں شکست دے کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور یہ اس کی 1982 کے بعد عالمی کپ کے بعد ٹورنامنٹ میں پہلی شرکت ہو گی۔
گوریرو پیرو کے موجودہ دور کے سب سے بڑے فٹبال سپر اسٹار تصور کیے جاتے ہیں اور ان پر پابندی سے پیرو کی ورلڈ کپ میں اگلے راؤنڈ تک رسائی کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔