• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm

’اگر میں غدار اور ملک دشمن ہوں تو ایک قومی کمیشن بنایا جائے‘

شائع May 14, 2018

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ 2018 مسلم لیگ کی کامیابی کا سال ہوگا۔

بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا بدل گئی لیکن عمران خان کا خیبرپختونخوا وہی پرانہ ہے، اگر نواز شریف کی یہاں حکومت ہوتی تو موٹروے یہاں پر موجود ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر دہشت گردی ختم کی، سلام ہے بونیر کے لوگوں پر جنہوں نے اتنی تکلیفیں اٹھائی لیکن یہاں امن قائم ہوا اور آج بونیر کے لوگ سکون کا سانس لیتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو ووٹ لے کر دھوکا دیا وہ بتائیں کہ انہوں نے بونیر کے لیے کیا کام کیا، عمران خان نے اس علاقے میں کچھ نہیں کیا بلکہ پورے خیبرپختونخوا کا یہی حال ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہر جگہ کا ایک ہی حال ہے لیکن ہم آئیں گے تو یہاں بھی کام کریں گے اور اسے بھی لاہور جیسا بنائیں گے کیونکہ نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے وہ پورا کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا وہ پورا کیا،اگر آئندہ عام انتخابات میں ہماری حکومت آتی ہے تو خیبرپختونخوا کی قسمت بدل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قسمت دیکھو کہ جو نواز شریف پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرتا، اسے ایٹمی قوت بناتا، جو کارگل کی رسوائی پر پردہ ڈالتا ہے، جو پاکستان میں موٹروے بناتا اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرتا، آج اس نواز شریف پر غداری کا الزام لگایا جارہا۔

ان کا کہنا پاکستان کے ایٹمی دھماکے کرنا کیا غداری ہے؟ پاکستان میں جو دہشتگردی کا بیچ بوتے وہ محبت وطن ہیں، جو پاکستان کا آئین اور قانون توڑتے وہ محب وطن ہیں،اس ملک میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے لیکن ہمیں اسے نہیں بہنے دینا، عوام نواز شریف کے ساتھ مل کر ان تمام مسائل کو ختم کریں گے اور پاکستان کے اندر ایک خوشحال معاشرہ قائم کریں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہورہا لیکن میری اس بات پر مجھے غدار کہا جارہا، اگر پاکستان کے لیے اچھی بات کرتا ہوں تو مجھے اس ملک سے خلوص ہے، یہ ملک سب کا ہے یہاں کسی کی اجارہ داری نہیں ہے، اس ملک کو کوئی تکلیف پہنچے ہم اسے برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے اور میں ملک کے مفاد کے خاطر کام کرنے والوں کا مقابلہ کریں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ ے، اگر میری یہ باتیں ناگوار گزرتی ہیں اور میں غدار اور ملک دشمن ہوں تو ایک قومی کمیشن بنایا جائے اور اس کا حساب کتاب ہوجائے، جو لوگ مجھے غدار کہتے ہیں وہ بھی اس کمیشن کے سامنے آئیں اور پھر جو مجرم ہو اسے سرعام پھانسی پر لٹکا دیا جائے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ عوام کے ووٹ کی حرمت کو کسی صورت قربان نہیں ہونے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ غدار اس کو کہا جارہا جو پاکستان کے لیے جیتا اور مرتا ہے، نواز شریف ایک محبت وطن آدمی ہے اور اسے غدار کہنے والا سب سے بڑا غدار ہوگا۔

مسلم لیگ کے قائد کا کہنا تھا کہ 5 ارب ڈالر کا الزام لگانے والے چیئرمین نیب کو اس طرح نہیں جانیں دیں گے، یہ قوم چیئرمین نیب کے احتساب کا مطالبہ کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمیشہ وزیر اعظم کے ساتھ یہی سلوک کیا جاتا، لیکن اب یہ قوم ووٹ کی حرمت کا خیال کرے گی، اب کسی کی مجال نہیں ہوسکتی کہ وہ ووٹ کی عزت کو روندے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے اس صوبے کے لیے کیا کیا؟ یہاں کے نوجوانوں کو نہ نوکری دی نہ ہی یہاں بجلی پیدا کی۔

نواز شریف نے کہا کہ مجھے وزارت عظمیٰ اور مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے نااہل کردیا گیا، اگر عوام چاہتے ہیں کہ یہ نااہلی ختم ہو تو بونیر کے عوام نے ن لیگ کو اتنے ووٹ دینے ہیں جتنے تاریخ میں کسی کو نہیں دیےگئے ہوں۔

انہوں نے بونیر کے عوام سے وعدہ کیا کہ ہم ایسا پروگرام بنا رہے ہیں کہ غریبوں کو گھر، نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے لیکن عوام نے وعدہ کرنا ہے کہ وہ ووٹ کو عزت دیں گے۔

نواز شریف کو حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، مریم نواز

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے نواز شریف اور عوام کا رشتہ 30 سال سے قائم ہے اور انہیں کسی سے محب وطن ہونے کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کو کرپٹ اور غدار ٹھہرایا جاتا ہے تو کیا صرف نمائندے غدار ہوتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پوری دنیا کی مخالفت لے کر بھارت میں ایٹمی دھماکے کیے اور کروڑوں، اربوں ڈالروں کی امداد ٹھکر کر اپنے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ کیا اقوام متحدہ میں برہان وانی اور بلوچستان میں ہونے والی دخل انداری کا ثبوتوں کے ساتھ مقدمہ پیش کرنے والا غدار ہوسکتا ہے؟ کیا دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بے خوفی سے قیادت کرنے والا غدار ہوسکتا ہے؟۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 5 سال سازشیں، دھرنے اور لوک ڈاؤن بھی برداشت کیے لیکن اس کے باوجود لوڈشیڈنگ اور اندھیرے دور کیے اور یہ اقدامات کرنے والا کیا غدار ہوسکتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کی حکمرانی اور ووٹ کی عزت کی بات کرنے والا، آئین اور قانون کی بالادستی کرنے والا کیا غدار ہوسکتا ہے؟، نواز شریف اس دھرتی اور مٹی کا بیٹا ہے، اس کو کسی سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کون ہے وہ محب وطن جس نے ججوں کے ساتھ بدسلوکی کی، شہریوں کو ڈالروں کے عیوض امریکا کے حوالے کیا گیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

SHARMINDA May 15, 2018 01:02pm
Please stop playing commission game. Person blamed by commission for Dawns leaks stands next to Nawaz Sharif. Stop fooling around innocent people of Pakistan.

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024