• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ویزا مسائل کے سبب عامر کی انگلینڈ روانگی موخر

شائع April 23, 2018

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی ویزا مسائل کے سبب انگلینڈ روانگی موخر ہو گئی ہے اور وہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے ہمراہ روانہ نہ ہو سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان امجد بھٹی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عامر ٹیم کے ہمراہ سفر نہیں کر سکے، ان کے ویزا کے چند مسائل تھے جو امید ہے کہ بدھ تک حل ہو جائیں گے۔

امجد بھٹی نے یہ واضح نہیں کیا کہ محمد عامر کو ویزا کے حصول میں کن مشکلات کا سامنا ہے لیکن انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو دن کے اندر فاسٹ باؤلر کو ویزا جاری کردیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر کی بیوی برطانوی شہریت کی حامل ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے نے طویل المدتی ویزا کی درخواست پہلے سے دے رکھی تھی تاکہ وہ برطانوی پاسپورٹ حاصل کر سکیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ عامر کو ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہو بلکہ 2016 میں قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے موقع پر بھی انہیں ویزا کے حصول میں مشکلات پیش آئی تھیں جس پر پی سی بی نے انگلینڈ اینڈ کرکٹ بورڈ سے مدد طلب کی تھی۔

2010 کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر محمد عامر پر 5 سال کی پابندی عائد کر دی گئی تھی اور اس جرم کے سبب انہیں انگلینڈ میں جیل بھی جانا پڑا تھا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور آفیشلز دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے برطانوی شہر لندن پہنچ گئے ہیں جہاں قومی ٹیم 28 اپریل سے کینٹ کے خلاف 4 روزہ وارم اپ میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

پاکستان اپنا دوسرا 4 روزہ میچ 4 سے 7 مئی تک نارتھ ہیمپٹن شائر کے خلاف کھیلے گا جس کے بعد آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ 11 مئی سے شروع ہوگا۔

آئرلینڈ سے میچ کے بعد قومی ٹیم 19 اور 20 مئی کو لیسٹر شائر کے خلاف 2 روزہ پریکٹس میچ کھیلے جس کے بعد 24 مئی سے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شروع ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024