قومی ٹیم کا کیمپ شروع، سرفراز کا کھلاڑیوں کو میدان صاف کرنے کا حکم
لاہور: دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے قومی کرکٹرز کے تربیتی کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے جہاں کپتان سرفراز احمد نے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو گراؤنڈ کی صفائی کے لیے وہاں موجود بوتلیں اٹھانے کی ہدایت کر کے نئی روایت قائم کردی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جمعرات سے ٹریننگ کیمپ کا آغاز ہو گیا جہاں کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ کی۔
اسٹیڈیم میں اس وقت دلچسپ مناظر دیکھنے کو ملے جب کپتان سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو میدان میں جمع کچرہ اٹھانے کی ہدایت کی اور سینئر و جونیئر کی تقسیم سے بالاتر ہو کر تمام ہی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں موجود بوتلوں کو کچرے دان تک پہنچایا۔
عام طور پر پاکستانی ٹیم میں یہ کام جونیئر کھلاڑیوں کو انجام دیتے ہوئے دیکھا گیا ہے لیکن سرفراز احمد نے خود گراؤنڈ میں جمع بوتلیں اٹھائیں جس کے بعد ان کی تقلید کرتے ہوئے ٹیم میں شامل سینئر کھلاڑی محمد عامر اور اظہر علی سمیت نوجوان کرکٹرز بابر اعظم اور امام الحق نے بھی بوتلوں کو جمع کر کے کچرے دان تک پہنچایا۔
اس سے قبل جمعرات کو شروع ہونے والے کیمپ میں اسکواڈ میں شامل 16 کھلاڑیوں میں سے 15 نے رپورٹ کردی ہے اور انگلش کاؤنٹی میں مصروف محمد عباس کو کیمپ میں شرکت سے استثنیٰ دیا گیا ہے اور وہ براہ راست آئرلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔
آئرلینڈ اور انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے 3 ٹیسٹ میچز کی تیاری کیلئے کیمپ میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کی گئی جس کے بعد کھلاڑیوں نے جم میں بھی ٹریننگ کی۔
حتمی 16 رکنی سکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، سمیع اسلم، فخرزمان، امام الحق، اسد شفیق، حارث سہیل، بابر اعظم ، عثمان صلاح الدین، سعد علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمدعامر، حسن علی، راحت علی اور محمد عباس شامل ہیں۔
یادر ہے کہ آئرش ٹیم اپنی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ 11سے 15مئی تک ڈبلن میں مہمان پاکستانی ٹیم کے خلاف کھیلی گی۔
انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز 24 مئی کو لارڈز میں پہلے میچ کیساتھ شروع ہوگی جبکہ دوسرے میچ کا آغاز یکم جون سے لیڈز میں ہوگا۔
ٹور کی تیاری اور کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے قومی ٹیم قبل از وقت انگلینڈ جائے گی اور پاکستانی کرکٹرز 28اپریل کو کینٹر بری میں کینٹ کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنی تیاریوں کا آغاز کرے گی جس کے بعد میزبان نارتھمپٹن شائر کے خلاف 4 سے 7 مئی تک 3 روزہ میچ بھی شیڈول ہے۔