• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm

پاکستانی امپائر علیم ڈار نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

شائع April 7, 2018
علیم ڈار لگاتار تین سال 2009، 2010 اور 2011 میں آئی سی سی کے بہترین امپائر قرار پائے— فائل فوٹو: اے پی
علیم ڈار لگاتار تین سال 2009، 2010 اور 2011 میں آئی سی سی کے بہترین امپائر قرار پائے— فائل فوٹو: اے پی

پاکستانی امپائر علیم ڈار نے 350 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے کر کرکٹ کی تاریخ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے ایوارڈ یافتہ امپائر نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کراچی میں کھیلے گئے ٹی20 میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔

علیم ڈرا اب تک 117 ٹیسٹ، 190 ون ڈے اور 43 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کا اعزاز رکھتے ہیں اور مجموعی طور پر 350 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کرنے والے دنیا کے پہلے امپائر ہیں۔

پاکستانی امپائر نے یہ سنگ میل عبور کرنے پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں پاکستان کرکٹ اور شائقین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور اپنے ملک کا بہت شکرگزار ہوں کیونکہ آج میں جو کچھ بھی ہوں، اس ملک کی وجہ سے ہوں اور میں نے پاکستان کی وجہ سے ہی یہ عزت حاصل کی۔

49 سالہ امپائر نے مزید کہا کہ پاکستان نے مجھے ستارہ امتیاز اور پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا، میں بہتر قوم کے لوگوں کا بہت شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ میرے لیے دعا کی، میری ان سے درخواست ہے کہ وہ میرے لیے دعا کرتے رہیں تاکہ میں دوبارہ پاکستان کا نام دوبارہ روشن کر سکوں۔

علیم ڈار نے اپنے امپائرنگ کیریئر کا انٹرنیشنل ڈیبیو 2000 میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے کیا اور 18 سالہ کیریئر میں وہ لگاتار تین سال 2009، 2010 اور 2011 میں آئی سی سی کے بہترین امپائر قرار پائے۔

پاکستانی امپائر کے علاوہ جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن 331، ویسٹ انڈیز کے اسٹیو بکنر 331 اور نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن 309 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز رکھتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024