• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

قومی سلامتی کے مشیر کی بھارتی ہائی کمشنرسے مقبوضہ کشمیر کے حالات پر تشویش

شائع April 3, 2018
—فوٹو:اے پی پی
—فوٹو:اے پی پی

پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کشمنر اجے بساریا نے قومی سلامتی کے مشیر جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی جہاں مقبوضہ کشمیر کے کشیدہ حالات سمیت دوطرفہ تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قومی سلامتی کے مشیر کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر کو ملاقات کے دوران آگاہ کیا گیا کہ پاکستان، بھارت سے معمول کے تعلقات سمیت اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور پاکستان تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے کے لیے پرعزم ہے۔

اعلامیے کے مطابق ناصر جنجوعہ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ طاقت کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ اس سے امید معدوم ہوجاتی ہے اور معاشرے کو مزید زخم لگ جاتے ہیں جس کے باعث حالات مزید کشیدہ ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک-بھارت بہتر تعلقات سے 30 ارب ڈالرتک تجارت بڑھا سکتے ہیں، بھارتی ہائی کمشنر

قومی سلامتی کے مشیر نے بھارتی ہائی کشمنر کو کہا کہ 'پاکستان کی مسئلہ کشمیر سے گہری وابستگی ہے اور اس مسئلے کو سیاسی اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی حمایت کرتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارے مسائل کو حل کرنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں جس سے ہمارے مسائل کا پرامن حل نکلے گا جو دونوں ممالک کے مستقبل کے لیے اہم ہے'۔

اعلا میے میں کہا گیا کہ بھارتی ہائی کمشنر نے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 'دونوں ممالک باہمی تعلقات کو بہتر کرنے اور اپنے ضروریات کو پورا کرنے کی خاصی صلاحیت رکھتے ہیں'۔

انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے، میڈیکل ٹیموں کے دوروں اور تجارت کے چھوٹے اقدامات پر کام کرنے کی تجویز دی۔

اجے بساریا نے کہا کہ 'ہم ان چھوٹے اقدامات ایک دوسرے کے ساتھ بڑھا سکتے ہیں جو بڑے مسائل کو حل کرکے تعلقات کو معمول پر لانے کا باعث ہوں گے'۔

قومی سلامتی کے مشیر اور بھارتی ہائی کشمنر کی ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے مزید تعاون اور بامقصد مذاکرات کی جانب اقدامات اٹھانے کے لیے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے گزشتہ ہفتے لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا تھا جہاں انھوں نے اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ پر زور دیا تھا۔

بھارتی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کو ماضی کی تلخیاں بھلا کر آگے بڑھنے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ہمسائیوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھنے کی ضرورت ہے۔

اجے بساریا نے لاہور چیمبر آف کامرس میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ 70 سال سے اپنائی گئی پالیسی سے کسی کو فائدہ نہیں ہوا اب نوجوانوں کے بھارت اور پاکستان کو آگے بڑھنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024