• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

سیریز جیت کر درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھیں گے، سرفراز

شائع March 31, 2018 اپ ڈیٹ April 4, 2018
—فوٹو:اے پی پی
—فوٹو:اے پی پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کراچی میں 9 برس بعد بین الاقوامی کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے تینوں میچ جیت کر آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کریں گے۔

نیشنل اسٹیدیم کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفرازاحمد نے کہا کہ 9 سال بعد کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں اسٹیڈیم بھرا ہوا دیکھ کر اچھا لگا۔

انھوں نے کہا کہ میں اپنے ہوم گراؤنڈ میں بحیثیت کپتان اپنا پہلا میچ کھیل رہا ہوں جس کے لیے پرجوش ہوں۔

سرفرازاحمد نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں محنت کرنی ہوگی اور ہماری ٹیم کی طاقت باؤلنگ ہے، محمد عامر اور حسن علی ہمارے مرکزی باؤلرز ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم اور رمان رئیس زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہیں اور اب محمد نواز کو عماد وسیم کی عدم موجودگی میں خود کو ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے۔

انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم اس وقت آئی سی سی کی درجہ بندی میں بہتر ریٹنگ پوائنٹس کے باعث آسٹریلیا پر سبقت حاصل کیے ہوئے جبکہ دونوں ٹیموں کے یکساں 126 پوائنٹس ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں روایتی حریف بھارت کی مضبوط ٹیم 124 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جس کے باعث پاکستان کو اپنی پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے سیریز میں کامیابی ضروری ہے۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیزکی ٹیم آسان ٹیم نہیں ہوگی اورسیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا۔

ویسٹ انڈین ٹیم پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ مہمان ٹٰیم متوازن ہے اور ٹیم میں شامل چند کھلاڑی صورت حال کو ڈرامائی انداز میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انھوں ںے ویسٹ انڈیز کا 15 رکنی اسکواڈ دیکھا ہے جس میں شامل کھلاڑی میچ ونر ہونے کا ثبوت دے چکے ہیں اور وہ سیریز کی جیت کے لیے اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم ورلڈ کپ کی تیاری کررہے ہیں اور کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے کا موقع دے رہے ہیں اور ورلڈ کپ 2019 کے لیے قیادت کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کرنا ہے۔

ٹیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ راحت علی، شاہین آفریدی اورعثمان شنواری پہلے میچ کی حتمی ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ دیگر 12 کھلاڑیوں میں سے 11 کا انتخاب میچ سے قبل کریں گے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف دلچسپ مقابلے کی توقع کرتےہوئے انھوں نے شائقین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں میچ دیکھنے آئیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024