• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان، ویسٹ انڈیز ٹی 20 سیریز کیلئے ٹریفک پلان

شائع April 1, 2018 اپ ڈیٹ April 4, 2018

کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے لیے ٹریفک پلان کا اعلان کرتے ہوئے انتظامیہ نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے مرتب کردہ ٹریفک پلان کو ہی سیریز کے دوران لاگو کردیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق میچز کے روز شارع فیصل پر کارساز سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ گاڑیوں کو ڈرگ روڈ اور وہاں سے راشد منہاس روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے ترتیب دیئے گئے پلان کے مطابق راشد منہاس روڈ سے براستہ ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم جانے والی سڑک بند رکھی جائے گی اور نیپا سے مزار قائد تک، یونیورسٹی روڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ بھی بند رہے گی۔

لیاقت آباد 10 نمبر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگی اور وہاں سے آنے والے ٹریفک کو کریم آباد اور عائشہ منزل کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے مخصوص مقامات پر پارکنگ رکھی گئی ہے جن میں گلشن اقبال کا حکیم سعید گراؤنڈ، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور سنڈے بازار گراؤنڈ شامل ہے۔

ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فٹبال گرانڈ میں بھی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ کشمیر روڈ پر کے ایم سی گراؤنڈ، کے ڈی اے کلب اور چائنا گراؤنڈ میں پارکنگ رکھی گئی ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز یکم، 2 اور 3 اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

عوام کیلئے اعلان

دوسری جانب شدید گرمی کے سبب شائقین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اب 11 بجے کے بجائے 2 بجے سڑکیں بلاک کی جائیں گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی کی فراہمی کے لیے میڈیا نے بھرپور کام کیا اور پوری ٹیم نے اس ایونٹ کو پرامن طریقے سے کامیاب کرایا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا تھا کہ آج کل گرمی بہت زیادہ ہے اور درجہ حرارت زیادہ ہونے کے سبب حکمت عملی تبدیل کی ہے تاکہ سیکیورٹی پلان کو مزید محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو سہولت بھی پہنچا سکیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ ذوالفقار لاڑک ،ڈی آئی جی ٹریفک اور بھٹائی رینجرز کے بریگیڈئر شاہد اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے بھی انتظامات کی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب 11 بجے کے بجائے 2 بجے سڑکیں بلاک کی جائیں گی اور دود ن ورکنگ ڈے کے باعث ٹریفک کی مکمل مانیٹرنگ کی جا ئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ 7.30 بجے اسٹیڈیم کے دروازے بند کر دیئے جائیں گے اور سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کے لیے کافی چیزوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی گرمی کے سبب سیریز کے لیے میچز کے وقت میں معمولی تبدیلی کی ہے جہاں سیریز کا پہلا میچ رات 8 بجے شروع ہو گا جبکہ دوسرے اور تیسرے ٹی20 میچ کا آغاز رات ساڑھے7 بجے ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024