• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل نے قوم کو نیا جذبہ اور خوشی دی، وزیراعظم

شائع March 25, 2018

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے پوری پاکستانی قوم کو ایک نیا جذبہ اور ایک نئی خوشی دے دی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت خوشیوں کو بڑھانے کے لیے اسی جذبے اور نیک نیتی سے کام کرتی رہے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کو سرہاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں سے ہمکنار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کا قیام اور کھیلوں کا فروغ حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4 کے آدھے میچز پاکستان میں ہوں گے، نجم سیٹھی

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کے وعدے اور ان کے ویژن کے تحت قوم کو خوشیاں واپس لوٹا رہی ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لاہور میں پی ایس ایل کے پلے آف میچز کے کامیاب انعقاد، کراچی میں فائنل میچ کی بھرپور تیاریوں اور ان میں شرکت پر قوم کو مبارک باد پیش کی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’ہم نے کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل میچ منعقد کرانے کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ پی ایس ایل فائنل ممکن بنانے والے اور اس کی تیاریوں میں اپنا کردار ادا کرنے والے ہر فرد کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو خوشی مناتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، امید ہے کہ کراچی میں اب مزید کرکٹ ہوگی۔

ادھر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں آج اسلام آباد اور پشاورکا ٹکراؤ ہے لیکن میں کرکٹ کو سپورٹ کر رہی ہوں۔

کراچی میں مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹ میں نو منتخب اپوزیشن لیڈر کا پی ایس ایل فائنل کی ٹیموں کے حوالے سے کہنا تھا کہ اسلام آباد ان کا گھر ہے جبکہ پختون ان کے بھائی ہیں، اور وہ آج کے میچ میں کرکٹ کو سپورٹ کر رہی ہیں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کا انعقاد کراچی کے پھر سے روشنیوں کا شہر بننے کی دلیل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نہ آنے والے پی ایس ایل کھلاڑیوں سے معاہدہ نہ کریں، آفریدی

انہوں نے کہا کہ جس شہر میں پہلے خوف کے سائے منڈلاتے تھے، آج وہاں لوگ کرکٹ میچ دیکھنے آرہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ملک سے اندھیرے مٹائے اور امن کو بحال کیا۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم کی لازوال قربانیاں بھی شہرِ قائد میں امن کی بحالی اور خوشیوں میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم اس موقعے پر تمام قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024