پشاور اور اسلام آباد نہیں، ماہرہ اور فواد کا مقابلہ ہوگا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا اختتام بس ہونے کو ہے، تاہم فائنل سے قبل ہی اس کا بخار سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔
پی ایس ایل کا فائنل پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونا ہے۔ کراچی میں ہونے والے مقابلے میں پشاور اور اسلام آباد ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہونگے۔
تاہم سوشل میڈیا پر مداحوں نے پشاور زلمی کی سفیر ماہرہ خان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے سفیر فواد خان کی تصاویر شیئر کرکے پی ایس ایل فائنل کو ان دونوں کا مقابلہ قرار دے دیا۔
ہوا کچھ یوں کہ ماہرہ خان نے اپنی ٹیم پشاور زلمی کے فائنل میں پہنچنے اور کراچی کنگز کی شکست کے ٹوئیٹ کی کہ ان کی والدہ ان سے بات نہیں کر رہیں۔
ماہرہ خان نے یہ ٹوئیٹ اس وقت کی، جب 21 مارچ کو لاہور میں ہونے والی میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی۔
ماہرہ خان نے میچ کے بعد ٹوئیٹ کرتے ہوئے جہاں پشاور زلمی کو مبارکباد پیش کی، وہیں انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کی والدہ ان سے بات نہیں کر رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کنگز ناکام، دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی
اگرچہ ماہرہ خان نے ٹوئیٹ میں یہ وضاحت نہیں کی کہ ان کی والدہ ان سے کیوں خفا ہیں، تاہم ان کی ٹوئیٹ سے لگ رہا تھا کہ ان کی والدہ کراچی کنگز جب کہ وہ پشاور زلمی کو سپورٹ کر رہی تھیں۔
ان کی اسی ٹوئیٹ پر کئی لوگوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔
کئی افراد نے انہیں مشورہ دیا کہ اگر والدہ آپ سے بات نہیں کر رہیں تو آپ ان سے بات کرلیں، کچھ نے کہا کہ ان کا غصہ اس وقت ٹھنڈا ہوگا جب پشاور زلمی فائنل جیت جائے گی۔
تاہم سبرینا کے ٹوئٹر ہینڈل سے ماہرہ خان اور فواد خان کی ایک ساتھ تصاویر شیئر کرکے یہ تاثر دیا گیا کہ دراصل کراچی میں پشاور اور اسلام آباد کا نہیں بلکہ ماہرہ اور فواد کا مقابلہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی فائنل کھیلنے کراچی پہنچ گئی
ان دونوں کی تصاویر کے ساتھ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائٹڈ کے لوگو بھی دیے گئے۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان پشاور زلمی جب کہ فواد خان اسلام آباد یونائٹڈ کے سفیر ہیں، ان دونوں کی جوڑی کو اسکرین پر بھی سراہا جاتا رہا ہے۔