• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل پلے آف: لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آج کھیل جمے گا

شائع March 20, 2018
قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے پلے آف کیلئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں— فوٹو: اے پی پی
قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے پلے آف کیلئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں— فوٹو: اے پی پی

لاہور: شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے پلے آف مرحلے میں ایلیمنیٹر 1 آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں گزشتہ سال کی دونوں فائنلسٹ ٹیموں دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے کوالیفائر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اپنے گزشتہ دونوں میچوں میں فتوحات کے بعد اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے اور انہیں اس اہم میچ میں اپنے کم و بیش تمام ہی اہم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔

مزید پڑھیں: گلیڈی ایٹرز نے واٹسن اور پیٹرسن کے متبادل کا اعلان کردیا

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، آندرے فلیچر، لیام ڈاسن، کرس جورڈن، تمیم اقبال اور رکی ویسلز نے پاکستان آ کر میچ کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کردی اور ٹیم کو صرف ڈیوین اسمتھ کی خدمات حاصل نہیں ہوگی جو خاندانی وجوہات کے سبب پاکستان نہیں آسکے۔

اس کے برعکس گزشتہ برس کے فائنل کی طرح ایک مرتبہ پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے اہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا سامنا ہے جہاں شین واٹسن، بین لافلن اور کیون پیٹرسن پاکستان آںے سے انکار کر چکے ہیں جس سے گلیڈی ایٹرز کی ایونٹ میں پیش قدمی کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کے متبادل کے طور پر بنگلہ دیش کے محموداللہ اور سری لنکا کے تھسارا پریرا کو ٹیم میں شامل کرلیا اور یہ دونوں ہی کھلاڑی حال ہی میں ختم ہونے والی سہ ملکی ٹی20 سیریز میں عمدہ فارم کا ثبوت دے چکے ہیں لہٰذا گلیڈی ایٹرز کیلئے یہ انتخاب برا ثابت نہیں ہو گا۔

محموداللہ اور تھیسارا پریرا کے ساتھ ساتھ رائلی روسو، کرس گرین اور ٹام کوہلر لیڈمور بھی ٹیم کا حوصلہ بلند کرنے کیلئے موجود رہیں گے۔

پاکستان سپر لیگ تھری کے پہلے مرحلے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کا تیسرا نمبر جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا چوتھا نمبر تھا۔ زلمی کی ٹیم نے 10میچز میں سے 5 جیتے 5 ہارے اور دس پوائنٹس حاصل کیے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 10 میں سے 5 جیتے اور 5 ہارے اور اس کے بھی 10 پوائنٹس تھے۔

میچ میں پشاور زلمی کی امیدیں ایک مرتبہ پھر اپنے اوپننگ بیٹسمین کامران اکمل سے وابستہ ہوں گی جو اب تک 10 میچوں میں 347 رنز بنا کر ایونٹ کے دوسرے کامیاب ترین بلے باز ہیں جبکہ پشاور زلمی مضبوط باؤلنگ لائن کی وجہ سے بھی میچ کے لیے فیورٹ تصور کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کے منیجر نے ٹیم کی ناکامی کی وجوہات بتا دیں

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا انحصار اپنی بیٹنگ پر ہوگا اور پیٹرسن اور واٹسن کی عدم موجودگی میں بیٹنگ کی تمام تر ذمے داری اسد شفیق، کپتان سرفراز احمد اور رائلی روسو پر ہوگی اور ان کا کردار فیصلہ کن ثابت ہو گا۔

اس کے ساتھ ساتھ باؤلنگ میں ٹیم کو محمد نواز سے بھی امیدیں وابستہ ہوں گی جو 10 میچز کھیلنے والے باؤلرز میں سب سے سستے باؤلر ثابت ہوئے صرف 5.46 رن فی اوور کی اوسط سے مجموعی طور پر 32 اوورز میں صرف 175 رن دیئے۔

ادھر میچ کے لیے لاہور میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور سخت سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ قذافی اسٹیڈیم کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا۔

قذافی سٹیڈیم میں سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں قائم تمام دکانوں کو بند کروا دیا گیا جو پی ایس ایل کے پلے آف میچز کے بعد کھلیں گی۔

دوسری جانب پی ایس ایل کے پہلے پلے آف میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنے والی کراچی کنگز کی ٹیم اپنا اگلا میچ کھیلنے دبئی سے لاہور پہنچ گئی۔

ضرور پڑھیں: پی ایس ایل، اعداد و شمار کی نظر سے

کراچی کنگز کی آمد کے موقع پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور کھلاڑیوں کو سیکیورٹی حصار میں ہوائی اڈے سے نجی ہوٹل منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کی شکست خوردہ ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی اور فاتح ٹیم 21 مارچ کو ہونے والے ایلیمنیٹر 2 میں کراچی کنگز سے ٹکرائے گی۔

الیمنیٹر 2 کی فاتح ٹیم کا 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024