گلیڈی ایٹرز نے واٹسن اور پیٹرسن کے متبادل کا اعلان کردیا
لاہور: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اپنی ٹیم کے پاکستان آنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے اور پانچ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پلے آف کھیلنے کیلئے پاکستان آنے کی تصدیق کر دی ہے۔
پشاور زلمی کے خلاف پلے آف میچ سے قبل سرفراز احمد نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلہ دیشی آل راؤنڈر محمود اللہ، جنوبی افریقہ کے رائلی روسو، سری لنکن آل راؤنڈر تھسارا پریرا، آسٹریلیا کے کرس گرین اور انگلینڈ کے ٹام کوہلر کیڈمور پاکستان آ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: لیوک رونچی نے پی ایس ایل کی تیز ترین نصف سنچری بنا دی
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈین بلے باز جانس چارلس سے ابھی بات چیت جاری ہے اور انہوں نے پاکستان آنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن، کیون پیٹرسن اور بین لافلن پلے آف میچ کیلئے پاکستان آنے سے انکار کر چکے ہیں اور گلیڈی ایٹرز نے پیٹرسن اور واٹسن کے متبادل کے طور پر محموداللہ اور تھسارا پریرا کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سرفراز نے کہا کہ ہم نے جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے وہ کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کا بہترین متبادل تو نہیں لیکن جو کھلاڑی ہمیں دستیاب تھے، ہم نے ان میں سے اپنی ٹیم کی ضرورت کے مطابق بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل پلے آف: کون کون سے کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ تھسارا پریرا کو ہم نے اس لیے منتخب کیا کیونکہ وہ پہلے بھی ہمارے ساتھ کھیل چکے ہیں جبکہ وہ اچھی فارم میں بھی ہیں لہٰذا مجھے امید ہے کہ وہ ٹیم کو تھوڑی بہت کمی ہے، یہ دونوں کھلاڑی پریرا اور محموداللہ اس کمی کو پورا کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور یہی دونوں ٹیمیں گزشتہ سال قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں بھی مدمقابل آئی تھیں جہاں پشاور زلمی نے فتح اپنے نام کر کے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
میچ میں دباؤ کے حوالے سے سوال پر سرفراز نے کہا کہ دباؤ دونوں ہی ٹیموں پر ہو گا کیونکہ دونوں ٹیموں کیلئے اب کوئی موقع نہیں اور جو بھی میچ ہارا وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔
ضرور پڑھیں: پی ایس ایل، اعداد و شمار کی نظر سے
انہوں نے کہا کہ پہلے دونوں ایڈیشنز میں ہم براہ راست فائنل میں پہنچ گئے تھے لیکن اس مرتبہ صورتحال کافی مشکل ہے۔ ہماری کوشش ہو گی کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور وہ غلطیاں نہ دہرائیں، جو گزشتہ میچوں میں کی تھیں اور جس کی وجہ سے ہمیں شکست ہوئی۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ ایڈیشن بہت اچھا ہوا جس میں کافی اچھی بیٹنگ دیکھنے کو ملی جہاں کامران اکمل، شین واٹسن اور لیوک رونچی کے ساتھ ساتھ ہمارے نوجوانوں نے چند اچھی اننگز کھیلیں لیکن جس معیار کی باؤلنگ ہماری لیگ میں ہوئی ہے، میرے خیال میں وہ دنیا کی کسی اور لیگ میں دیکھنے کو نہیں ملتی۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان آںے سے انکار کرنے والے شین واٹسن کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ واٹسن نے دھوکا نہیں دیا بلکہ ان کے اہلخانہ نے انہیں پاکستان جانے سے منع کردیا لیکن میرا خیال ہے کہ آئندہ صرف ان کھلاڑیوں کو ڈرافٹ کا حصہ بنایا جائے، جو پاکستان آںے کی حامی بھریں۔