• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

مصباح الحق انجری کا شکار، پلے آف میں شرکت مشکوک

شائع March 18, 2018

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے پلے آف سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا لگا ہے اور کپتان مصباح الحق کی کلائی میں فریکچر کے سبب ان کی میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

پاکستان سپر لیگ 2018 کے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز کے ٹائمل ملز کی گیند لگنے سے مصباح الحق کلائی کی انجری کا شکار ہوئے اور ذرائع کے مطابق ان کی کلائی میں فریکچر ہو گیا ہے جس کے سبب وہ شاید اگلے چار ہفتوں تک کرکٹ نہ کھیل سکیں۔

اگر مصباح الحق انجری کے سبب میچ میں شرکت نہیں کرتے تو ان کی جگہ جین پال ڈومینی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

یاد رہے کہ پورے ٹورنامنٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ انجری مسائل سے دوچار رہی ہے اور ٹیم کے نائب کپتان رومان رئیس بھی انجری کے سبب ایونٹ سے باہر ہو کر وطن واپس لوٹ چکے ہیں جبکہ آندے رسل بھی انجری کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بھی انجری کی وجہ سے میچ نہیں کھیل سکیں گے اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی بھی میچ میں شرکت مشکوک نظر آتی ہے۔

آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان ایونٹ کا پہلا پلے آف کھیلا جائے گا اور فاتح ٹیم 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لے گی۔

میچ کی شکست خوردہ ٹیم کو فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع بھی ملے گا اور وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح سے لاہور میں ٹکرائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024