پی ایس ایل کوالیفائر: کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدِ مقابل
دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کا کوالیفائر میچ آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیاں رواں سیزن میں دو مقابلے ہوئے اور دونوں ہی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔
پی ایس ایل تھری میں پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لوک رونکی کی شاندار جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکت دے دی تھی۔
ایونٹ میں دوسرا میچ کراچی کنگز کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل تھا جہاں اسے دوسرے مرحلے میں پہنچنے کے لیے فتح درکار تھی، تاہم شاہد آفریدی اور عثمان خان شنواری کی شاندار باؤلنگ کی مدد سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کم سے کم اسکور تک محدود کرکے ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
دونوں ٹیمیں اب تک کل آٹھ مرتبہ پی ایس ایل میں آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے 4 مرتبہ کراچی کنگز اور 4 مرتبہ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کامیاب ہوئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اعصاب شکن مقابلے کی توقع کی جارہی ہے، تاہم کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو پلے آف مرحلے میں اپنے تمام کھلاڑی دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب کراچی کنگز کو گزشتہ میچ میں فتح کے بعد اسے اسلام آباد یونائیٹڈ پر نفسیاتی برتری حاصل ہے۔
خیال رہے کہ کوالیفائر میچ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پی ایس ایل سیزن تھری کا آخری میچ ہے۔