• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک غیر ملکی کھلاڑیوں کا ساتھ چھوڑنے پر نالاں

شائع March 17, 2018

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں ابتدائی مراحل کے اختتام کے بعد پلے آف مرحلے کا آغاز ہونے جارہا ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے والے کئی مشہور کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار نہیں ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے مشہور کھلاڑیوں کی جانب سے ساتھ چھوڑنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'ہر دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ کوئی کھلاڑی آرہا تو کوئی جارہا ہوتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے پر آمادہ نہیں کر سکتے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ان غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرے جو پاکستان آنے کو تیار ہوں'۔

ندیم عمر نے کہا کہ 'شین واٹسن نے پاکستان آنے کی ہانمی بھری تھی مگر آخری وقت میں منع کردیا'۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور زلمی، کراچی کنگز کے بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان آنے پر رضامند

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم کھلاڑی پی ایس ایل فائنل میں شرکت کے لیے لاہور نہیں آئے تھے جبکہ پشاور زلمی کے تمام کھلاڑی وہاں موجود تھے جس کے نتیجے میں کوئٹہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ندیم عمر نے کہا کہ 'غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوالے سے پی سی بی کوئی حل ڈھونڈے نہیں تو فرنچائز دل چھوڑ دیں گی'۔

لاہور میں رواں ہفتے ہونے والے دھماکے کو اہم وجہ قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'رائیونڈ دھماکے سے بہت سے غیر ملکی کھلاڑی پریشان ہوئے تھے'۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے پاکستان آنے والے اپنے کھلاڑیوں کے نام بھی بتایا جن میں 'رلی روسو، کرس گرین، تھیسارا پریرا، چارلز جونسنز اور محمود اللہ شامل ہیں'۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے مشہور آل راؤنڈر شین واٹس کے علاوہ انگلینڈ کے سابق بلےباز کیون پیٹرسن بھی شامل تھے جو گزشتہ برس بھی پاکستان نہیں آئے تھے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے والی دیگر ٹیموں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے تمام غیرملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کے لیے رضامندی کا اظہار کردیا ہے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے 2 میچ 20 مارچ اور 21 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اور 25 مارچ کو ٹورنامنٹ کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل کوالیفائر کا پیلا میچ دبئی میں کھیلا جائے گا جہاں کراچی کنگز اور سابق چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ مدِ مقابل ہوں گی اور فاتح ٹیم کراچی میں فائنل کے لیے براہ راست کوالیفائی کر جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم لاہور میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے ایلیمنیٹر 1 کی فاتح ٹیم سے ایلیمنیٹر 2 میں مقابلہ کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024