• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پی ایس ایل فائنل: اسٹیڈیم میں موبائل فون بند کرنے کی تجویز مسترد

شائع March 17, 2018

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے فائنل کے دوران اسٹیڈیم میں موبائل فون بند رکھنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام انتظامات کو 22 مارچ تک حتمی شکل دے دیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مقامی حکومت اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ تماشائیوں کے لیے کھانے کے اسٹالز کی موجودگی یقینی بنائیں اور اس معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے مشاورت ضرور کریں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کی دریافت کون؟

انہوں نے شٹل سروس کے لیے بسوں کی خریداری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی مخصوص پارکنگ کے حصوں میں پارکنگ لین کے کام کو حتمی شکل دی جائے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ کی جانب سے اسٹیڈیم کے اندر موبائل فون بند کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ عوام کو لطف اندوز ہونے دیں اور ان پر پابندی نہیں لگائیں۔

اس موقع پر اجلاس میں موجود ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی) رینجرز اور انسپکٹر جنرل ( آئی جی) پولیس نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی اور تمام ریہرسل مکمل ہوچکی ہیں۔

اجلاس کے دوران میئر کراچی وسیم اختر نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے اطراف سے ملبہ اٹھانے سمیت تمام روٹس پر صفائی کا کام تقریباً حتمی مراحل میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 3: راؤنڈ میچوں کے یادگار ترین لمحات

علاوہ ازیں وزیر بلدیات جام خان شورو نے اجلاس میں بتایا کہ اسٹیڈیم کے اندر کچھ ترقیاتی کام آخری مراحل میں ہے، بعد ازاں وزیر اعلیٰ کو شہر قائد کی روشنیوں کی دوبارہ بحالی سے متعلق پریزنٹیشن بھی دی گئی۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور اس حوالے سے تمام تر انتظامات آخری مراحل میں ہیں جبکہ فائنل میچ کے لیے تمام ٹکٹیں پہلے ہی فروخت ہوچکی ہیں اور کراچی کے شائقین کئی سالوں بعد اپنے شہر میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کو کھیلتے ہوئے دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024