• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

پی ایس ایل: پلے آف مرحلے کیلئے پشاور کو لاہور، کراچی کو اسلام آباد کا چیلنج درپیش

شائع March 16, 2018

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 3 میں آج 2 مقابلے ہوں گے، پہلا میچ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان جبکہ دوسرا میچ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے ان میچز میں سے پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے جبکہ دوسرا میچ رات 9 بجے شروع ہوگا۔

پشاور زلمی کی ٹیم کو اگلے مرحلے تک پہنچنے کے لیے آج کے میچ میں کامیاب ہونا ضروری ہے کیونکہ میچ میں ناکامی کی صورت میں پشاور کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی، تاہم اگر وہ آج کا میچ جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو دیگر دو ٹیموں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کا پلے آف مرحلے میں پہنچنا چیلنج ہوگا۔

لاہور قلندرز کی بات کی جائے تو وہ پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے تاہم ایونٹ کے آخری 3 میچوں میں لگاتار کامیابی کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ آج کا میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلوں کی بات کی جائے تو سیزن تھری میں پشاور اور لاہور کے مابین ایک میچ کھیلا گیا جس میں پشاور زلمی کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر نظر ڈالی جائے تو پشاور کی ٹیم میں کپتان ڈیرن سیمی، کامران اکمل، محمد حفیظ، وہاب ریاض، حسن علی، حارث سہیل، تمیم اقبال اور کرس جورڈن شامل ہیں تو دوسری جانب لاہور کی ٹیم کو کپتان برینڈم میکیولم، فخر زمان، عمر اکمل، سنیل ناراین، عامر یامین، یاسر شاہ، سہیل خان، شاہین آفریدی اور انٹون ڈیوچک کی خدمات حاصل ہیں۔

آج ہونے والے دوسرے میچ کی بات کی جائے تو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان یہ میچ کافی اہم ہے اور کراچی کو اس میچ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔

اس میچ میں کامیابی کے بعد کراچی کی ٹیم اگلے مرحلے میں باآسانی پہنچ جائے گی لیکن اگر وہ میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوپاتی تو اسے بہتر اوسط کی بنیاد پر اگلے مرحلے میں جانے کا چیلنج درپیش ہوگا۔

پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ پہلے ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں تاہم کراچی، ملتان اور پشاور کے لیے آج کے میچز اہم ہیں۔

اگر پشاور اپنے میچ میں کامیابی حاصل کرلیتا اور کراچی کو ناکامی ہوتی ہے تو کراچی اور ملتان میں سے بہتر اوسط کی بنیاد پر ایک ٹیم اگلے مرحلے میں پہنچے گی لیکن اگر پشاور کو ناکامی ہوتی ہے تو کراچی اور ملتان دونوں ٹیمیں باآسانی پلے آف مرحلے میں پہنچ جائیں گی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے میچ کی بات کی جائے تو ایونٹ میں اس سے قبل کھیلے گئے میچ اسلام آباد نے باآسانی کامیابی حاصل کی تھی۔

کھلاڑیوں پر نظر ڈالی جائے تو کراچی کنگرز میں عماد وسیم کی عدم موجودگی میں آئن مورگن کے کپتانی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ ان کے علاوہ شاہد آفریدی، جوئے ڈینلی، بابر اعظم، روی بوپارہ، کولن انگرام، محمد عامر، عثمان شنواری، عرفان جونیئر شامل ہیں تو دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کو کپتان مصباح الحق، آصف علی، صاحبزادہ فرحان، لوک رانکی، جے پی ڈومنی، شاداب خان، محمد سمی، حسن طلعت اور فہیم اشرف کی خدمات حاصل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024