• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

یونائیٹڈ نے گلیڈی ایٹرز سے شکست کا بدلہ لے لیا

شائع March 15, 2018 اپ ڈیٹ March 16, 2018
جین پال ڈومینی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جین پال ڈومینی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جین پال ڈومینی اور حسین طلعت کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں شکست کا بدلہ بھی چکا دیا۔

واضح رہے کہ شاندار کارکردگی اور پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن کی بدولت دونوں ٹیمیں پہلے ہی پلے آف کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں.

پوائنٹس ٹیبل پوزیشن کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، پوائنٹس زیادہ ہونے کے باعث اس شکست سے کوئٹہ کی پلے آف تک رسائی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا جو صحیح ثابت نہ ہو سکا اور اس کے تینوں غیر ملکی کھلاڑی شین واٹسن، جیسن رائے اور کیون پیٹرسن 41 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو چکے تھے۔

اس موقع پر کپتان سرفراز احمد اور عمر امین نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا اور چوتھی وکٹ کیلئے 64 رنز جوڑ کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن عمر امین 28 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

تاہم گلیڈی ایٹرز کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب سرفراز احمد ایک فل ٹاس گیند کو کھیلنے میں ناکام رہے اور 43 رنز بنانے کے بعد حسین طلعت کی وکٹ بن گئے۔

فہیم اشرف نے جلد ہی اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو مزید کامیابی دلاتے ہوئے انور علی اور محمد نواز کو میدان بدر کر کے کوئٹہ کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔

اختتامی اوورز میں رلی روسو اور حسان خان نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا جس کی بدولت گلیڈی ایٹرز مقررہ اوورز میں 147 رنز کا مجموعہ تشکیل دینے میں کامیاب رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے تین اور عماد بٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں لیوک رونچی کو ابتدا میں ہی اس وقت نئی زندگی ملی جب محمد نواز اپنی گیند آسان کیچ لینے میں ناکام رہے لیکن وکٹ کیپر بلے باز اس موقع کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور صرف 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ڈومینی اچھی فارم میں نظر آئے اور انہوں نے ایلکس ہیلز کے ساتھ مل کر اسکور کو 58 تک پہنچا دیا لیکن انگلش بلے باز 16 رنز بنانے کے بعد میر حمزہ کو وکٹ دے بیٹھے۔

یونائیٹڈ نے شاداب خان کو اوپری نمبر پر کھیلنے کا موقع فراہم کیا جنہوں نے 187 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ اسکور 85 تک پہنچا دیا لیکن شین واٹسن کے تجربے نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس موقع پر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی واپسی کے امکانات کسی حد تک موجود تھے لیکن حسین طلعت نے میدان میں آ کر جارحانہ اننگز کے ساتھ گلیڈی ایٹرز کی فتح کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

حسین طلعت اور ڈومینی نے چوتھی وکٹ کیلئے 44 رنز جوڑے، خصوصاً حسین طلعت نے جارحانہ انداز اپنایا، ڈومینی 54 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن اس وقت تک میچ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھ سے نکل گیا تھا۔

آصف علی نے میدان میں آ کر صرف سات گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 18 رنز بنا کر ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کردی۔

اسلام آباد کی ٹیم نے میچ میں چھ وکٹ سے فتح حاصل کر کے گلیڈی ایٹرز سے ایونٹ کے پہلے مرحلے میں شکست کا بدلہ بھی دیا، گلیڈی ایٹرز نے بھی یونائیٹڈ کو چھ وکٹ سے ہی شکست دی تھی۔

جین پال ڈومینی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے اور اس وقت وہ 14 پوائنٹس کے ساتھ سب سے پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ گلیڈی ایٹرز 10پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024