• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ملتان سلطانز کو شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف میں داخل

شائع March 13, 2018 اپ ڈیٹ March 14, 2018
سمیت پٹیل نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر جیت کی بنیاد رکھی۔
سمیت پٹیل نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر جیت کی بنیاد رکھی۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 25ویں میچ میں بلے بازوں اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 33 رنز سے شکست دے کر پلے آف میں جگہ بنا لی۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپنرز جین پال ڈومینی اور لیوک رونچی نے ٹیم کو 46 رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں ڈومینی کا حصہ 6 رنز کا تھا جو رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

ایونٹ میں پہلا میچ کھیلنے والے انگلینڈ کے ایلکس ہیلز رونچی کا ساتھ دینے آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 91 تک پہنچا دیا، رونچی 36 گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ہیلز نے بھی اچھی فارم دکھائی اور بڑی اننگز کھیلنے کے موڈ میں نظر آرہے تھے لیکن 46 کے انفرادی اسکور پر عمر گل نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

حسین طلعت نے بھی 36 رنز کی اچھی اننگز کھیلی جس کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمر گل دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اور اننگز کے پہلے ہی اوور میں سمیت پٹیل نے ان فارم کمار سنگاکارا اور سیف بدر کو پویلین رخصت کردیا۔

اسکور ابھی 20 تک ہی پہنچا تھا کہ احمد شہزاد اور صہیب مقصود یکے بعد دیگرے فہیم اشرف اور عماد بٹ کو وکٹ دے کر پویلین لوٹے۔

شعیب ملک اور کیرن پولارڈ نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن شاداب خان نے سلطانز کے کپتان کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو پانچویں کامیابی دلا دی۔

اس موقع پر سلطانز کی ٹیم کی بساط 100 رنز کے اندر اندر لپٹتی ہوئی محسوس ہو رہی تھی لیکن پولارڈ یونائیٹڈ کے باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔

انہوں نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مختصر سی شراکت قائم کر کے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور جارحانہ بیٹنگ سے جیت کی موہوم سی امید پیدا کی لیکن محمد سمیع کو چھکا لگانے کی کوشش میں ناکامی نے ان کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

جارح مزاج ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے 47 گیندوں پر چھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی لیکن یہ کاوش بھی ابتدائی بلے بازوں کی ناکامی کا ازالہ نہ کر سکی۔

ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 152 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے میچ میں 33 رنز سے فتح کے ساتھ پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی پلے آف میں پہنچ گئی۔

لیوک رونچی کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024