• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

قلندرز کی دوسری فتح، کراچی کنگز کو سپر اوور میں شکست

شائع March 11, 2018 اپ ڈیٹ March 12, 2018

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں تین رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان برینڈ میک کولم نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپنر جو ڈینلی صرف تین بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

قلندرز کو اگلی ہی گیند پر دوسری وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن یاسر شاہ کی گیند پر شاہین آفریدی، بابر اعظم کا آسان کیچ نہ کر سکے۔

بابر نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور لینڈل سمنز کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 72 رنز کی شراکت قائم کی، سمنز 39 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد سہیل خان کی وکٹ بنے جبکہ کولن انگرام بھی صرف 12 رنز بنا سکے۔

دوسرے اینڈ سے بابر اعظم نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ایونٹ میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کی اور 49گیندوں پر 61 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شاہد آفریدی نے آتے ہی پہلی گیند پر شاہین آفریدی کو چھکا لگایا لیکن اگلی گیند پر نوجوان فاسٹ باؤلر نے ان کی وکٹیں اڑا دیں۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سہیل خان تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں اوپنرز فخر زمان اور اینٹن ڈیوچک نے 26 رنز جوڑے ہی تھے کہ محمد عرفان نے ڈیوچک کی وکٹیں بکھیر دیں۔

اس موقع پر فخر زمان کا ساتھ دینے نوجوان آغا سلمان آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کیلئے 63رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا لیکن اسی موقع پر فخر 28 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کو وکٹ دے بیٹھے۔

لاہور قلندرز نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کیلئے سنیل نارائن کو بھیجنے کا جوا کھیلا جو ناکامی سے دوچار ہوا اور نارائن سات گیندوں پر صرف چھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

آغا سلمان اور برینڈن میک کولم نے 35 رنز کی شراکت قائم کر کے ایک مرتبہ پھر قلندرز کی فتح کی امید پیدا کی لیکن عثمان خان نے ایک ہی اوور میں آغا سلمان اور میک کولم کو آؤٹ کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

آغا سلمان 50 اور میک کولم 15 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

میچ کے آخر اوور میں قلندرز کو فتح کیلئے 16 رنز درکار تھے اور سہیل اختر نے ابتدائی تین گیندوں پر 12رنز بٹور کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔

اوور کی چوتھی گیند پر مچل میک کلینیگن رن آؤٹ ہو گئے جبکہ پانچویں گیند پر ایک رن ہی بن سکا۔

لاہور قلندرز کو میچ کی آخری گیند پر تین رنز درکار تھے لیکن سہیل اختر باؤندری پر کیچ ہو گئے تاہم لاہور قلندرز کے کیمپ میں اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی جب امپائرز نے اعلان کیا کہ عثمان شنواری نے نوبال کی ہے۔

میچ کی آخری گیند فری ہٹ تھی جس پر قلندرز کو فتح کیلئے 2 رنز درکار تھے لیکن وہ ایک ہی رن بنا سکے اور میچ ٹائی ہو گیا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہو گیا۔

سپر اوور

محمد عامر کی جانب سے کرائی گئی سپر اوور کی پہلی گیند پر دو رنز لینے کی کوشش میں فخر زمان رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

عامر نے اگلی گیند وائیڈ کرائی اور دوسری گیند پر مچل میک کلینیگن نے رن لیا تاہم عامر نے ایک مرتبہ پھر وائیڈ گیند کرادی اور تیسری اور چوتھی گیند پر قلندرز کے بلے بازوں نے ایک رن لے کر مجموعہ چھ تک پہنچا دیا۔

اوور کی پانچویں گیند پر میک کولم نے عامر کو چوکا لگایا جبکہ اوور کی آخری گیند پر دو رن لینے کی کوشش میں میک کولم رن آؤٹ ہو گئے۔

لاہور قلندرز نے سپر اوور میں 11 رنز بنا کر کراچی کنگز کو فتح کیلئے 12 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی کنگز کی ٹیم سپر اوور کی پہلی گیند پر کوئی رن نہ بنا سکی اور دوسری گیند پر لینڈل سمنز نے ایک رن لیا۔

اوور کی تیسری گیند پر مچل میک کلینیگن نے شاندار کیچ لے کر کولن انگرام کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ چوتھی گیند پر لینڈل سمنز نے ایک رن نہ لے کر سب کو حیران کردیا۔

پانچویں گیند پر سمنز نے ایک رن لیا اور چھٹی گیند پر شاہد آفریدی کے چھکے کے باوجود قلندرز نے تین رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024