بیوی پر تشدد: محمد شامی نئی مشکل میں پھنس گئے
نئی دہلی: بیوی پر تشدد کے الزام میں مقدمات کا شکار بھارتی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد شامی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا اور ان کی آئندہ ماہ شیڈول انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی۔
شامی کی اہلیہ نے اپنے شوہر پر جسمانی تشدد اور دھوکا دہی کے الزامات لگائے تھے جس کی وجہ سے فاسٹ باؤلر مشکلات میں پھنس گئے ہیں۔
اہلیہ کے الزامات کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے انہیں سالانہ سینٹرل کنٹریکٹ فہرست سے باہر کر دیا تھا اور بھارتی پولیس نے بھی ان پر اقدام قتل سمیت دیگر سات مقدمات درج کر لیے ہیں جبکہ اب ان کی آئی پی ایل میں شرکت بھی خطرے میں پڑ گئی۔
مزید پڑھیں: محمد شامی کے خلاف اقدام قتل سمیت 7مقدمے درج
محمد شامی آئی پی ایل میں دہلی ڈیئر ڈیولز کی نمائندگی کرتے ہیں اور موجودہ تنازع کے بعد فرنچائز نے انہیں نہ کھلانے کے حوالے سے سوچ بچار شروع کردی ہے۔
دہلی ڈیئر ڈیولز کے چیف ایگزیکٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ شامی کی آئی پی ایل میں شرکت کے حوالے سے ہم نے بی سی سی آئی سے رابطہ کیا ہے اور وہ جو بھی ہدایات دیں گے اس کے بعد ہی ان کی لیگ میں شرکت کے بارے معلوم ہو گا۔