اسلام آباد یونائیٹڈ ناکام، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لگاتار دوسری فتح
پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی اور کیون پیٹرسن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی۔
شارجہ میں کھیلے گئے ایوںٹ کے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا تو چیڈوک والٹن آٹھ اور آصف علی صرف چھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر لیوک رونچی اور جین پال ڈومینی نے 42 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔
اس دوران رونچی نے جان ہیسٹنگز کے ایک اوور میں 24 رنز بھی بٹورے لیکن حسان خان کی خوبصورت گیند نے 43 رنز بنانے والے کیوی وکٹ کیپر بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
رونچی کے آؤٹ ہونے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ریٹ برقرار رکھنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کو نپی تلی باؤلنگ کا انعام ڈومینی کی وکٹ کی صورت میں ملا جو لیگ میں اپنے پہلے میچ میں 26 گیندوں پر صرف 14 رنز بنا سکے جبکہ کپتان مصباح الحق بھی 25 گیندیں کھیلنے کے باوجود صرف 22 رنز بنا سکے۔
99 رنز پر آدھی ٹیم آؤت ہونے کے بعد اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے چند جارحانہ شاٹس لگائے لیکن وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں ان کی بھی 13 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے انور علی، راحت علی، جان ہیسٹنگز، حسان اور شین واٹسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز شین واٹسن اور اسد شفیق نے ٹیم 31 رنز کا آغاز فراہم کیا، واٹسن نوبال پر آؤٹ ہونے کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور صرف 13 رنز بنانے کے بعد اسٹیون فن کو وکٹ دے بیٹھے۔
عمر امین ایک مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے جبکہ 22 رنز بنانے والے اسد شفیق نے غیر ذمے دارانہ شاٹ کھیل کر وکٹ گنوائی تو کوئٹہ کی ٹیم 48 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔
اس موقع پر کیون پیٹرسن کا ساتھ دینے محمد نواز آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 70 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔
کیون پیٹرسن نے نسبتاً جارحانہ انداز اپنایا اور تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اسٹیون فن کو ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیچ ہو گئے۔
پیٹرسن کے آؤٹ ہونے کے باوجود گلیڈی ایٹرز کو ہدف تک رسائی میں کوئی دقت پیش نہیں آئی اور انہوں نے 17 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر کے میچ میں چھ وکٹ سے فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
پیٹرسن عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔