اسلام آباد یونائیٹڈ کی مہم کا آج سے آغاز، لاہور اور کوئٹہ بھی مدمقابل
پاکستان سپر لیگ میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پشاور زلمی کے مدمقابل ہو گی جبکہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہو گا۔
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے دن پہلا میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور پہلے ایڈیشن کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطان کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم آج ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
حسن علی کی انجری کے سبب پشاور زلمی کو باؤلنگ کمبی نیشن بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے اور شکیب الحسن کے ایونٹ سے باہر ہونے کی وجہ سے اپنی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد کی ٹیم کو مضبوط اور متوازن اسکواڈ کی وجہ سے ایونٹ کیلئے فیورٹ تصور کیا جا رہا ہے اور بہترین آل راؤنڈرز سے لیس یہ ٹیم کسی بھی حریف کیلئے بڑا خطرہ ثابت ہو گی۔
ایونٹ میں دوسرا میچ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا اور دونوں ہی ٹیمیں لیگ میں پہلی فتح کیلئے سرگرداں نظر آئیں گی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں مات ہوئی تھی جبکہ لاہور قلندرز کو ملتان سلطان نے شکست دے کر ناکامی سے دوچار کیا تھا۔
دونوں ہی ٹیموں کی بیٹنگ کاغذ پر مضبوط نظر آتی ہیں لیکن باؤلنگ میں دونوں ہی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا رہا اور کمزور باؤلنگ کے سبب یہ میچ دونوں ٹیموں کی بیٹنگ لائن کے درمیان مقابلہ تصور کیا جائے گا۔
پاکستانی وقت کے مطابق پہلا میچ شام ساڑھے 4 بجے ہوگا جبکہ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان دوسرا میچ رات 9 بجے ہوگا۔