قلندرز کو 43 رنز سے شکست، ملتان سلطانز کی لگاتار دوسری فتح
دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 43 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی۔
دبئی میں کھیلے گئے لیگ کے تیسرے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔
ملتان سلطانز کے اوپنرز نے ٹیم کو 10 اوورز میں 88 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، احمد شہزاد آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 33 گیندوں پر 38 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ صہیب مقصود صرف چار رنز ہی بنا سکے۔
کمار سنگاکارا نے شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے لگاتار دوسرے میچ میں نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ کپتان شعیب ملک کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے 54 رنز جوڑ کر بڑے اسکور کی راہ ہموار کی، وہ تین چھکوں اور پانچ چوکوں سے مزین 63 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطان کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب جارح مزاج بلے باز کیرون پولارڈ بغیر کوئی گیند کھیلے رن آؤٹ ہو کر پویلین رخصت ہوئے۔
شعیب ملک نے ایک مرتبہ قیادت کا فرض ادا کرتے ہوئے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت سلطانز مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے ملتان کے بلے بازوں کو قسمت آزمائی کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز کے چار غیر ملکیوں کھلاڑیوں میں برینڈن میک کولم، سنیل نارائن، کیمرون ڈیلپورٹ اور مستفیض الرحمان شامل ہیں جبکہ ملتان سلطانز نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے ہرڈس ولجوئن کی جگہ ڈیرن براوو کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔
لاہور نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو سنیل نارائن اور فخر زمان نے اپنی ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پھر محمد عرفان نے پہلے نارائن اور پھر اگلے اوور میں کپتان برینڈن میک کولم کو آؤٹ کر کے لاہور کو 40 رنز پر دو کھلاڑیوں سے محروم کردیا۔
اس موقع پر فخر کا ساتھ دینے عمر اکمل آئے اور دونوں نے 65 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا لیکن کیرون پولارڈ نے 31 رنز بنانے والے عمر اکمل کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔
دوسرے اینڈ سے فخر نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور سہیل اختر کے ساتھ مل کر اسکور 132 تک پہنچا دیا، اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم باآسانی فتح اپنے نام کر لے گی لیکن سلطانز کے باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قلندرز کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
فخر زمان 49 رنز بنانے کے بعد پولارڈ کی دوسری وکٹ بنے گئے جبکہ اگلے ہی اوور میں عمران طاہر نے دو وکٹیں لے کر لاہور قلندرز کی میچ میں فتح کا خواب چکنا چور کردیا۔
جنید خان نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے لگاتار تین وکٹیں حاصل کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور اگلے اوور میں عمران طاہر نے شاہین آفریدی کو آؤٹ کر کے قلندرز کی بساط 136 رنز پر لپیٹ دی۔
لاہور قلندرز کی آخری سات وکٹیں صرف چار رنز کے اضافے سے گریں جس کی بدولت ملتان سلطان نے 43 رنز سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں لگاتار دوسری فتح اپنے نام کر لی۔
عمران طاہر کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ ملتان سلطان نے اپنے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کو سات وکٹ سے شکست دی تھی۔