براڈ پٹ کی سابقہ بیوی دوسرے شوہر سے بھی الگ ہوگئی
فلم انڈسٹری میں جتنی تیزی سے محبتیں ہوتی اور تعلقات بنتے ہیں، اتنی ہی جلدی بعض رشتے ٹوٹ بھی جاتے ہیں۔
ابھی ہولی وڈ کے ورسٹائل اداکار براڈ پٹ کو اپنی دوسری بیوی انجلینا جولی سے طلاق لیے ڈھائی سال بھی نہیں گزرے تھے کہ اداکار کی سابقہ بیوی نے بھی اپنے دوسرے شوہر سے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا۔
براڈ پٹ کی سابقہ بیوی 49 جینیفر آنسٹن جو اس وقت 42 سالہ اداکار جسٹن تھیوروکس کی اہلیہ ہیں، انہوں نے اپنے دوسرے شوہر سے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا۔
جینیفر آنسٹن اور جسٹن تھروکس نے مشترکہ فیصلے کے تحت علیحدگی اختیار کرنے کا باضابطہ اعلان بھی کردیا، اگرچہ دونوں نے فوری طور پر صرف الگ رہنے کا اعلان کیا ہے، تاہم امکان ہے کہ دونوں کے درمیان طلاق ہوجائے گے۔
واضح رہے کہ 49 جینیفر آنسٹن 54 سالہ براڈ پٹ کی سابقہ بیوی ہیں، ان دونوں کے درمیان 1998 میں تعلقات استوار ہوئے، جس کے 2 سال بعد 2000 میں دونوں نے شادی کرلی تھی۔
ان کی شادی محض 5 سال ہی چل سکی، اور دونوں نے جنوری 2005 میں علیحدگی اختیار کرلی، جس کے بعد اسی سال اکتوبر میں دونوں کی طلاق ہوگئی۔
پہلے شوہر سے طلاق کے بعد ان کے دیگر ساتھی اداکاروں کے ساتھ بھی تعلقات استوار ہوئے، تاہم تعلقات شادی تک نہ پہنچ پائے۔
یہ بھی پڑھیں: جینیفر آنسٹن کے پہلے شوہرکا دوسری بیوی کو چھوڑنے کا فیصلہ
جینیفر آنسٹن کی بعد ازاں 2011 میں اداکارہ جسٹن تھیوروکس سے شناسائی ہوئی اور دونوں نے 4 سال بعد 15 فروری 2015 کو شادی کرلی۔
پہلی شادی کی طرح جینیفر آنسٹن کی دوسری شادی بھی زیادہ کامیاب نہیں دکھائی دے رہی، کیوں کہ انہوں نے شوہر کے ساتھ ڈھائی سال سے بھی کم وقت گزارنے کے بعد شادی کی سالگرہ کے موقع پر علیحدگی کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جوڑے کی جانب سے مشترکہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ الگ ہونے کا فیصلہ مشترکہ طور پر کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جوڑا چاہتا ہے کہ میڈیا میں چہ مگوئیاں ہونے اور افواہیں پھیلنے سے اچھا ہے کہ وہ خود ہی اپنے تعلقات سے متعلق اعلان کریں۔
اگرچہ دونوں نے علیحدہ رہنے کا اعلان کیا، تاہم دونوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دونوں کے درمیان رومانوی اور دوستانہ تعلقات برقرار رہیں گے۔
دونوں کی کوئی اولاد نہیں، اس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ جوڑا جلد ہی طلاق کا اعلان بھی کرے گا۔
دوسری جانب یہ چہ مگوئیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر جینیفر آنسٹن واپس پہلے شوہر یعنی براڈ پٹ کے ساتھ تعلقات استوار کرنے سے متعلق سوچ رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: اینجلینا اور بریڈ میں علیحدگی کیوں ہوئی؟
یہ چہ مگوئیاں براڈ پٹ اور ان کی دوسری اہلیہ انجلینا جولی کے درمیان طلاق ہونے کے بعد شروع ہوئیں۔
براڈ پٹ اور انجلینا جولی کے درمیان 2016 میں طلاق ہوئی، جوڑے کی شادی 2014 میں ہوئی، تاہم یہ دونوں 2004 سے اکھٹے رہ رہے تھے۔
اس جوڑے نے 6 بچوں کو گود لیا تھا جو اب انجلینا جولی کے پاس ہیں۔
دونوں کے درمیان طلاق بھی بچوں کے معاملے پر ہی ہوئی تھی، اداکارہ نے اپنے شوہر پر اپنے بچوں پر تشدد کرنے کا الزام عائد کیا تھا، جس کا مقدمہ عدالت میں بھی زیر سماعت رہا۔
اگرچہ براڈ پٹ پر بچوں پر تشدد کا الزام ثابت نہیں ہوا، تاہم ان کے اور انجلینا جولی کے درمیان طلاق ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: انجلینا جولی نے نیا ساتھی تلاش کرلیا؟
طلاق ہونے کے بعد انجلینا جولی اور براڈ پٹ کی جانب سے دوسرے ساتھی اداکاروں سے تعلقات کی خبریں بھی آتی رہی ہیں، انجلینا جولی سے متعلق افواہیں ہیں کہ انہوں نے کمبوڈین اداکار سے تعلقات استوار کرلیے ہیں۔
جب کہ براڈ پٹ کے حوالے سے ان کی سابقہ بیوی جینیفر آنسٹن سمیت دیگر اداکاراؤں کے نام بھی لیے جاتے رہے ہیں، تاہم تاحال دونوں جانب سے حتمی اعلان سامنے نہیں آسکا۔