• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

انگلینڈ کو شکست، ایشز سیریز 4-0 سے آسٹریلیا کے نام

شائع January 8, 2018
سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلین ٹیم کا تاریخی ایشز ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی
سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلین ٹیم کا تاریخی ایشز ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے پیٹ کمنز اور ناتھن لایون کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ کو آخری ایشز ٹیسٹ میں اننگز اور 123 رنز سے شکست دے کر سیریز 4-0 سے جیت کر دوبارہ ایشز حاصل کر لی۔

سڈنی میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے آخری دن انگلینڈ نے 93 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو انہیں اننگز کی شکست سے بچنے کا خطرہ درپیش تھا۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ طبیعت کی خرابی کے سبب صبح میدان میں نہ اتر سکے اور جونی بیئراسٹو اور معین علی نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن سیریز میں ناکامی سے دوچار معین آخری اننگز میں بھی کچھ نہ کر سکے اور ایک مرتبہ ناتھن لایون کی وکٹ بن گئے۔

طبیعت کی بحالی کے بعد روٹ میدان میں آئے اور بیئراسٹو کے ساتھ مل کر کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی جس سے لگا کہ شاید انگلش ٹیم ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب ہو جائے لیکن کھانے کے وقفے کے بعد روٹ کی خراب طبیعت اور پیٹ کمنز کی عمدہ باؤلنگ نے اس خوش فہمی کا خاتمہ کردیا۔

کھانے کے وقفے کے بعد 58 کے افرادی اسکور پر طبیعت خراب ہونے پر جو روٹ ایک مرتبہ پھر میدان سے باہر جانے پر مجبور ہو گئے اور آسٹریلیا نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انگلش ٹیم کی بساط جلد ہی لپیٹ دی۔

کپتان کے جاتے ہیں بیئراستو کی ہمت بھی جواب دے گئی اور کمنز کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں وہ آؤٹ قرار پائے۔

ڈیبیو کرنے والے میسن کرین باؤلنگ میں تو کچھ نہ کر سکے لیکن 23 رنز بنا کر بلے سے کچھ مزاحمت کی لیکن ان کی یہ کوشش بھی کارگر ثابت نہ ہوئی اور پوری انگلش ٹیم 180 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے چار اور ناتھن لایون نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے میچ میں اننگز میں 123 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز بھی 4-0 سے اپنے نام کر لی۔

میچ میں آٹھ وکٹیں لینے پر کمنز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ پانچ میچوں میں 687 رنز بنانے والے آسٹریلین کپتان سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024