• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اداکارہ بننے کے لیے ناک نہیں کٹوا سکتی، ودیا بالن

شائع January 2, 2018
—فائل فوٹو: زی نیوز
—فائل فوٹو: زی نیوز

ورسٹائل اداکارہ ودیا بالن 2018 کے شروع ہوتے ہی زندگی کے 39 ویں سال میں داخل ہوئیں، اور انہوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سادگی سے سالگرہ منائی۔

مگر ان کی سالگرہ کی خبریں ایک ہفتہ قبل ہی میڈیا کی زینت بننا شروع ہوئیں، جس میں اداکارہ نے اپنے فلمی کیریئر اور ذاتی زندگی سے متعلق تجربات شیئر کیے۔

ودیا بالن نے اپنی 39 ویں سالگرہ ممبئی میں اپنے شوہر پروڈیوسر سدارتھ رائے کپور اور والدین کے ہمراہ سادگی سے سالگرہ منائی۔

دوسری جانب ودیا بالن نے انڈین ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں فلمی کیریئر کے آغاز میں دیگر اداکاروں کی طرح کئی بار نظر انداز کیا گیا، جب کہ ایک بار انہیں اپنے ناک کی سرجری کروانے کا مشورہ دیا گیا۔

انڈین ایکسپریس کے ٹاک شو ’ایکسپریسو‘ میں خاتون میزبان پریانکا سنہا جھا سے بات کرتے ہوئے ودیا بالن نے اپنی ذاتی زندگی اور فلمی کیریئر سے متعلق کھل کر بات کی۔

Here's what I'm #HopefulFor in 2018! 😃

A post shared by Vidya Balan (@balanvidya) on

یہ بھی پڑھیں: میری کامیابی میں کسی کا کردار نہیں، ودیا بالن

انہوں نے کہا کہ فلمی کیریئر کے آغاز میں جب ان کی فلمیں فلاپ ہوئی تو وہ بہت مایوس ہوئیں، یہاں تک کہ وہ رو پڑیں، لیکن بعد ازاں اہل خانہ کے سمجھانے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ شروعات میں تو امیتابھ بچن اور مادھوری ڈکشٹ جیسی اداکاراؤں کی فلمیں بھی فلاپ ہوئیں۔

ودیا بالن نے سدھارتھ رائے کپور سے 2012 میں شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام
ودیا بالن نے سدھارتھ رائے کپور سے 2012 میں شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام

اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے ودیا بالن نے بتایا کہ جب انہیں فلم ’پرینیتا‘ میں کام کرنے کا موقع ملا تو انہیں ناک کی سرجری کروانے کے لیے کہا گیا۔

ڈرٹی گرل کے مطابق پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا نے ان کی لمبی ناک پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں سرجری کرانے کا مشورہ دیا۔

ودیا بالن کے مطابق انہیں اپنے متعلق یہ بات سن کر حیرانگی ہوئی، اور وہ کافی دیر تک خاموش رہیں، لیکن بعد میں انہوں نے فلم ڈائریکٹر پردیپ سرکار کو کہا کہ ’وہ اداکارہ بننے کے لیے اپنی ناک نہیں کٹوا سکتیں‘۔

خیال رہے کہ ودیا بالن کی فلم ’پرینیتا‘ 2005 میں ریلیز ہوئی، جس میں انہوں نے مرکزی اداکارہ کا کردار ادا کیا، ان کے ساتھ سیف علی خان رومانس کرتے نظر آئے۔

مزید پڑھیں: وزن کم کرنے کے سوال پر ودیا بالن کا رپورٹر کو کرارا جواب
ودیا بالن کی 39 ویں سالگرہ پر ان کے والدین اور بھانجوں نے بھی شرکت کی—فوٹو: انسٹاگرام
ودیا بالن کی 39 ویں سالگرہ پر ان کے والدین اور بھانجوں نے بھی شرکت کی—فوٹو: انسٹاگرام

ودیا بالن نے اس فلم میں ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا، جو اپنے چچا کے گھر میں رہتی ہیں، اور انہیں اپنے پڑوسی سیف علی خان سے محبت ہوجاتی ہے۔

پہلی بار ودیا بالن کو ’پرینیتا‘ میں شاندار اداکاری دکھانے پر سراہا گیا، انہیں اسی فلم سے ہی شہرت ملی۔

پانچ فلم فیئر، 6 اسکرین، نیشنل اور پدما شری ایوارڈ حاصل کرنے والی اداکارہ نے اپنی اداکاری کی شروعات تامل اور تیلگو زبان کے ڈراموں اور فلموں سے کی۔

39 سالہ ودیا بالن نے 2012 میں موشن پکچرز(ڈزنی) انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سدھارتھ رائے کپور سے شادی کی۔

شادی کے بعد بھی انہوں نے فلمی کیریئر کو جاری رکھا، اور متعدد کامیاب فلمیں دیں، 2017 کے آخر میں ان کی فلم ’تمہاری سلو‘ نے شاندار بزنس کے ساتھ اچھے تاثرات سمیٹے۔

ودیا بالن کی مشہور ترین فلموں میں ’پرینیتا، بھول بھلیاں، پا، عشقیہ، نو ون کلڈ جسیکا، دی ڈرٹی پکچر، کہانی، لگے رہو منا بھائی، بے بی، تمہاری سلو اور ادھوری کہانی شامل ہیں۔

سالگرہ سے قبل ودیا بالن نے کہا تھا کہ اگرچہ ان کا کوئی بچہ نہیں، تاہم ان کے لیے ہر فلم ایک بچے کی طرح ہے۔

ایسٹرن آئی کے مطابق ڈرٹی گرل ودیا بالن کا ماننا ہے کہ کسی فلم میں کام کرنا، ایک بچے کو جنم دینے کی طرح ہے، اور انہیں ہر فلم کرنے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے بچے کو جنم دیا۔

ودیا بالن نے یکم جنوری کو 39 ویں سالگرہ منائی—فوٹو: انسٹاگرام
ودیا بالن نے یکم جنوری کو 39 ویں سالگرہ منائی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ابھی ان کے پاس بچوں کو سنبھالنے کا وقت نہیں، تاہم وہ 39 سال میں ایک طرح سے 20 بچوں کی ماں بن چکی ہیں۔

اس سے قبل انہوں نے بولی وڈ خان شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق جب ودیا بالن سے پوچھا گیا کہ وہ سلمان، شاہ رخ اور عامر خان میں سے کس بولی وڈ خان کے ساتھ فلم کرنا چاہیں گی تو انہوں نے کہا کہ یہ اتفاق ہے کہ آج تک انہیں کسی خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا اور ایسی کوئی فلم بنائی گئی تو وہ ’اجازت‘ جیسی کسی فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اجازت‘ انتہائی اچھے موضوع اور کہانی پر بنی فلم تھی، اسی طرح کی فلم میں ہی وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔

خیال رہے کہ ’اجازت‘ 1987 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ رومانٹک فیچر فلم تھی، جس میں نصیرالدین شاہ کے ساتھ ریکھا، انورادھا پٹیل، ڈینا پھاٹک اور سلابھا دیش پانڈے نے اداکاری کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024