• KHI: Asr 5:05pm Maghrib 6:54pm
  • LHR: Asr 4:40pm Maghrib 6:31pm
  • ISB: Asr 4:46pm Maghrib 6:38pm
  • KHI: Asr 5:05pm Maghrib 6:54pm
  • LHR: Asr 4:40pm Maghrib 6:31pm
  • ISB: Asr 4:46pm Maghrib 6:38pm

شاہین ایئرلائنز کی پرواز میں مسافر 6 گھنٹے سے ’محصور‘

شائع December 29, 2017

شاہین ایئرلائنز کی دمام سے لاہور جانے والی پرواز این ایل 712 موسمی خرابی کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر اتار دی گئی جس کے بعد 6 گھنٹے سے طیارے میں مبینہ طور پر محصور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مسافروں نے ڈان نیوز کو فون پر بتایا کہ طیارے کو کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کرائے جانے کے 6 گھنٹے گزر جانے کے باوجود عملہ ان کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کررہا۔

فلائٹ میں سوار مسافر جاوید وسیم کا کہنا تھا کہ انہیں طیارے میں بیٹھے 6 گھنٹے گزر چکے ہیں اور جہاز کے واش روم نے بھی کام کرنا بند کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کی لندن-کراچی پرواز میں ’تاخیر‘، مسافر پریشان

ان کا کہنا تھا کہ شروع میں 3 گھنٹے تک اعلیٰ حکام کی جانب سے ہمیں ہدایت جاری کی گئیں کہ طیارے میں ہی رہیں تاہم بعد ازاں ایک اہلکار کی جانب سے لاؤنج میں جانے کی اجازت دے دی گئی۔

مسافر کے مطابق طیارے میں موجود مسافروں نے لاونج میں جانے سے انکار کردیا اور کہا کہ جب تک جہاز کو ہماری منزل تک نہیں پہنچایا جاتا ہم احتجاجاََ فلائٹ میں ہی رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاز میں کچھ مسافر ایسے بھی ہیں جو اپنے والدین کی میت پر لاہور جارہے تھے تاہم فلائٹ تاخیر کا شکار ہونے کے باعث انہیں تاخیر اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی لاہور-کوالالمپور پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

جاوید وسیم نے مزید بتایا کہ اس فلائٹ میں تقریباً 150 کے قریب مسافر سوار ہیں۔

شاہین ایئرلائنز کے ترجمان ذوہیب حسن نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہین ایئرلائنز کی پرواز کو لاہور میں دھند کی وجہ سے اتارا نہیں جا سکا اور اسے کراچی میں لینڈ کرانا پڑا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاز کو جلد واپس لاہور روانہ کردیا جائے گا تاہم انہوں نے مسافروں کے درپیش مسائل کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو تمام وسائل مہیا کیے گئے تھے تاہم طیارے میں رہنے کا اعلان مسافروں کی جانب سے خود کیا گیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ طیارے کو ڈیڑھ بجے اس کی منزل کی جانب روانہ کردیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 14 اپریل 2025
کارٹون : 13 اپریل 2025