• KHI: Fajr 4:52am Sunrise 6:11am
  • LHR: Fajr 4:11am Sunrise 5:35am
  • ISB: Fajr 4:12am Sunrise 5:39am
  • KHI: Fajr 4:52am Sunrise 6:11am
  • LHR: Fajr 4:11am Sunrise 5:35am
  • ISB: Fajr 4:12am Sunrise 5:39am

تحریک انصاف کا قبائلی عوام کے مستقبل کیلئے تاریخی احتجاج کا فیصلہ

شائع December 24, 2017

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فاٹا اصلاحات پیکج پر عمل درآمد کرانے اور قبائلی علاقوں کے خیبرپختونخوا سے انضمام کے حوالے سے تاریخی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس بات کا فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے کور کمیٹی اجلاس میں کیا گیا، تاہم احتجاج کا طریقہ کار اور اس حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اس بارے میں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پارٹی نے اصولی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ فاٹا اصلاحات پیکج پر عمل درآمد کرانے کے لیے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے تاکہ حکومت پر دباؤ ڈالا جاسکے۔

مزید پڑھیں: فاٹا اصلاحات پر محمود خان اچکزئی نے نیا فارمولا پیش کردیا

انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے قبائلی علاقوں کے عوام کو بنیادی حقوق نہ دے کر ان سے زیادتی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت نے سیاسی مصلحتوں کے باعث انضام کے حوالے سے یو ٹرن لیا ہے اور ایسا کوئی بھی اقدام قابل مذمت ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی جلد احتجاج کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے گی اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ قبائلی علاقوں کے عوام کو فاٹا سے اسلام آباد تک ریلی کی کال بھی دی جاسکتی ہے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پارٹی کی قیادت کا خیال ہے کہ جنگ زدہ فاٹا کو ترقی اور تعمیر کی ضرورت ہے، جو اس کے خیبرپختونخوا سے انضمام کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی سمجھتی ہے کہ اگر وہ ابھی فاٹا کا خیبرپختونخوا سے انضمام کرانے میں ناکام رہی تو یہ 2023 میں ہی ممکن ہوسکے گا اور اس وقت بہت دیر ہوچکی ہوگی۔

اجلاس میں پارٹی کی قانونی ٹیم نے شریف خاندان کے خلاف حدیبیہ پیپرز ملز پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر پارٹی قیادت کو بریفنگ دی۔

تحریک انصاف نے فیصلہ کیا کہ حدیبیہ کیس کو زندہ رکھا جائے گا اور اس معاملے پر عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے مہم چلائی جائے گی۔

شفقت محمود نے کہا کہ تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو اس سلسلے میں مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی، تاہم کمیٹی عدالت کے تفصیلی فیصلہ آنے تک انتظار کرے گی۔

پارٹی کی قیادت نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ شاہ محمود قریشی کی صدارت میں پارٹی وفد 30 دسمبر کو پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے بلائی گئی کثیر جماعتی کانفرنس میں شرکت کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فاٹا اصلاحات بل: 76 تھانوں کے قیام کی تجویز

اس موقع پر اجلاس میں پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نے بھی شرکت کی، جنہوں نے سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رواں ماہ اسلام آباد میں فاٹا یوتھ کنونشن میں خطاب کے دوران فاٹا اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کا اشارہ دیا تھا۔

انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر حکومت نے فاٹا کا خیبرپختونخوا سے انضمام کے حوالے کوئی مثبت قدم نہ اٹھایا تو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔


یہ خبر 24 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 13 اپریل 2025
کارٹون : 12 اپریل 2025