• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اسمتھ عظیم بلے باز ڈان بریڈمین کے ہم پلہ بننے کے قریب

شائع December 19, 2017
اسٹیون اسمتھ تیسرے ایشز ٹیسٹ میں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے— فوٹو: اے پی
اسٹیون اسمتھ تیسرے ایشز ٹیسٹ میں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے— فوٹو: اے پی

دبئی: آسٹریلین کپتان اور مایہ ناز بلے باز اسٹیون اسمتھ نے پرتھ ٹیسٹ میں شاندار ڈبل سنچری بنا کر ناصرف اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا بلکہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں ٹیسٹ تاریخ میں مشترکہ طور پر دوسرے ٹاپ ریٹڈ بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

وہ زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پیٹر مے، رکی پونٹنگ اور جیک ہوبز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سابق انگلش بلے باز لین ہٹن کے ہم پلہ ہو گئے ہیں اور ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 945 ہو گئی ہے۔

کیریئر کے دوران زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا عالمی اعزاز ڈان بریڈمین کو حاصل ہے جنہوں نے 961 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں اور اسمتھ نے کیریئر کے بہترین 945 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر کے لین ہٹن کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے اور سابق عظیم انگلش بلے باز کے ہمراہ مشترکہ طور پر دوسرے ٹاپ ریٹڈ بلے باز ہیں۔

آئی سی سی نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت ابتدائی 10 بلے بازوں میں پاکستان کے اظہر علی آٹھویں پوزیشن پر ہیں جبکہ 10 بہترین بلے بازوں میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بھارت کے 2،2 جبکہ پاکستان، انگلینڈ، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کا ایک ایک بلے باز شامل ہے۔

اسمتھ 945 پوائنٹس کے ساتھ بہترین بلے بازوں کی فہرست میں ہیں جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی 893 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ان کے ہم وطن چتیشور پجارا نے ایک درجہ ترقی پا کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

اسمتھ کے حوالے سے خاص بات یہ کہ جب انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 26 دسمبر کو باکسنگ ڈے ٹیسٹ شروع ہو گا تو انہیں عالمی نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز کے منصب پر براجمان ہوئے دو سال ہو جائیں گے۔

دیگر بلے بازوں میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن چوتھی، انگلش کپتان جو روٹ پانچویں، ڈیوڈ وارنر چھٹی، ہاشم آملا ساتویں، اظہرعلی آٹھویں، دنیش چندیمل نویں اور روس ٹیلر دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

تیسرے ایشز ٹیسٹ میں نمایاں کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کے جونی بیئراسٹو ایک درجہ بہتری پا کر 15ویں نمبر پر آ گئے جبکہ عثمان خواجہ کی بھی ٹاپ ٹوئنٹی میں انٹری ہوئی ہے۔

آسٹریلین آل راؤنڈر مچل مارش کیریئر کی بہترین 181 رنز کی اننگز کھیل کر ترقی پاتے ہوئے 65ویں نمبر پر آ گئے جبکہ ڈیوڈ ملان نے ترقی کے ساتھ 52ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔

بہترین بولرز کی فہرست میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 892 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں اور 10 بہترین بولروں میں پاکستان کا کوئی باؤلر شامل نہیں۔

جنوبی افریقہ کے کگیسو رابادا 876 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت کے رویندرا جدیجا تیسری، روی چندرن ایشون چوتھی، جوش ہیزل وُڈ پانچویں، رنگنا ہیراتھ چھٹی، نیل ویگنر ساتویں، مچل اسٹارک آٹھویں، نیتھن لایون نویں اور جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

پانچ بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں جہاں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے ٹاپ آل راؤنڈر کی پوزیشن پر قبضہ جمائے رکھا جبکہ بھارت کے روندرا جدیجا دوسرے، انگلینڈ کے بین اسٹوکس تیسرے، روی چندرن ایشون چوتھے اور معین علی پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024