• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

غیر ملکی فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کے سیکریٹری فنانس طلب

شائع December 13, 2017

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پارٹی کے فنانس سیکریٹری کو 16 جنوری 2018 کو طلب کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان پر مشتمل پانچ رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے فنانس سیکریٹری کو بذات خود عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا جبکہ گزشتہ سماعت میں پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ پارٹی فنڈنگ میں خردبرد سے متعلق درخواست گزار اکبر بابر کے سوالات پر تفصیلی جواب جمع کرائیں گے۔

یہ پڑھیں: پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس:الیکشن کمیشن کاسماعت جاری رکھنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں فنڈنگ کیس سے متعلق دستاویزات ستمبر میں جمع کرائیں تھی، جس پر درخواست گزار اکبر بابر نے اعتراضات اٹھاتے ہوئے دستاویزات کو ‘من گھڑت’ قرار دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت میں پی ٹی آئی کے فنانس سیکریٹری اظہر طارق خان اور سینئر کونسلر انور منصور خان کو پابند کیا تھا کہ وہ درخواست گزار کے سوالات کا جواب اگلی سماعت میں جمع کرائیں تاہم دونوں ہی فنانس سیکریٹریز اور سینئر کونسلر کیس کی حالیہ سماعت میں پیش نہیں ہوئے۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کی جانب سے سینئر وکیل ثقلین حیدر نے درخواست کی کہ سماعت کو ملتوی کردیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس:'ہر سیاسی جماعت نے حساب دینا ہے'

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دائرکار پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر ہے جس کی سماعت 5 دسمبر کو ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر نے ایک موقع پر برہمی کا اظہار کیا جب ثقلین حیدر نے کمیشن کو تحمل سے سننے کا مشورہ دیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ‘آپ کی وجہ سے ساڑھے 3 سال سے کیس التوا کا شکار ہے اور آپ کہتے ہیں کہ ہم اسے تحمل سے سنیں’۔

مزید پڑھیں : پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس:'جمائما سے لیا گیا قرض اثاثے کے طور پر لکھنا چاہیے تھا'

سماعت میں درخواست گزار اکبر بابرکے وکیل بدر اقبال چوہدری نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے دائرکار کو اسلام آبادہائی کورٹ میں قبول کیا ہے اس لیے جب تک ہائی کورٹ کی جانب سے حکم امتناہی کا تحریری آرڈر نہ آئے کمیشن سماعت جاری رکھیں۔

درخواست گزار اکبر بابر نے الیکشن کمشن سے استدعا کی کہ پی ٹی آئی مختلف تاخیری حربے استعمال کرتی آئی ہے جس کی وجہ سے ساڑھے 3 سال کا عرصہ گزر چکا ہےاور اب تک پارٹی فنڈنگ سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت 16 جنوری 2018 تک کے لیے ملتوی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری فنانس کو آئندہ سماعت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔


یہ خبر 13 دسمبر2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024