• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

بھارت بدستور عالمی نمبر ایک، کوہلی عالمی دوسرے بہترین بلے باز

شائع December 7, 2017
کوہلی سری لنکا کے خلاف سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے— فوٹو: اے پی
کوہلی سری لنکا کے خلاف سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے— فوٹو: اے پی

سری لنکا اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس میں بھارت بدستور عالمی نمبر ایک کے منصب پر براجمان ہے جبکہ کپتان ویرات کوہلی عمدہ کارکردگی کی بدولت عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دو ڈبل سنچریوں سمیت 610 رنز بنانے والے ویرات کوہلی تین درجہ ترقی پا کر 893 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ عالمی نمبر ایک بلے باز ہیں۔

کوہلی کی ترقی کے سبب ان کے ہم وطن چتیشور پجارا دو اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ایک درجہ تنزلی کے بعد بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر چکے گئے ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر انگلینڈ کے کپتان جو روٹ موجود ہیں۔

ڈیوڈ وارنر، ہاشم آملا اور اظہر علی نے اپنی چھٹی، ساتویں اور آٹھویں پوزیشن برقرار رکھی البتہ سیریز میں 366 رنز بنا کر سری لنکن ٹیسٹ کپتان دنیش چندیمل پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین میں شمولیت کے حقدار ٹھہرے اور آٹھ درجہ ترقی کر کے نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ایشز ٹیسٹ میچ میں سنچری بنا کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے شان مارش چھ درجے ترقی کے بعد کیریئر کی بہترین 27ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ مچل اسٹارک بھی دو درجہ ترقی کے بعد باؤلرز میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔

باؤلرز کی درجہ بندی میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن پہلے، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے، رویندرا جدیجا ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے، روی چندرن ایشون چوتھے، رنگنا ہیراتھ پانچویں، جوز ہیزل وڈ چھٹے، ویسٹ انڈیز کے خلاف نو وکٹیں لے کر ٹیسٹ میچ کے مرد میدان قرار پانے والے نیل ویگنر دو درجہ ترقی کے ساتھ ساتویں، مچل اسٹارک آٹھویں جبکہ ناتھن لایون اور ڈیل اسٹین دو، دو درجہ تنزلی کے بعد بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے ٹاپ ٹین میں شامل واحد باؤلر یاسر شاہ ہیں جو 15ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹیم رینکنگ میں بھی پاکستان کیلئے کوئی اچھی خبر نہیں اور سرفراز الیون عالمی درجہ بندی میں 88 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

سری لنکا کے خلاف سیریز صرف 1-0 سے جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم ایک پوائنٹ گنوا بیٹھی لیکن اس کے باوجود عالمی نمبر بھارت 124 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور عالمی نمبر دو جنوبی افریقہ پر ابھی بھی اسے 13 پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024