• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ایڈیلیڈ میں انگلینڈ 227 رنز پر ڈھیر، آسٹریلیا کی برتری 268 رنز

شائع December 4, 2017
آسٹریلین اسپنر نیتھن لایون نے اپنی ہی گیند پر شاندار کیچ لے کر معین علی کی پویلین واپسی کا انتظام کیا— فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلین اسپنر نیتھن لایون نے اپنی ہی گیند پر شاندار کیچ لے کر معین علی کی پویلین واپسی کا انتظام کیا— فوٹو: اے ایف پی

ایڈیلیڈ: انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ایشز ٹیسٹ میں انگلش ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 227 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور آسٹریلیا نے میچ میں مجموعی طور پر 268 رنز کی برتری حاصل کر کے پوزیشن مستحکم کر لی۔

ایڈیلیڈ، اوول میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 29 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ایلسٹر کک 11 اور جیمز ونس صفر پر ناٹ آؤٹ تھے۔

جیمز ونس گزشتہ روز کے اسکور میں صرف دو رنز کا اضافہ کرنے کے بعد جوش ہیزل وڈ کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ کپتان جو روٹ کی اننگز بھی نو رنز تک محدود رہی۔

80 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کی چوتھی وکٹ گری جب ایلیسٹر کک 37 رنز بناکر نیتھن لائن کی گیند پر اسٹیون سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ انگلینڈ کو جلد ہی اس وقت پانچواں نقصان پڑا جب ڈیوڈ ملان 19 رنز بناکر پیٹ کمنز کا شکار بن گئے۔

معین علی 25، جونی بیئراسٹو 21، کرس ووکس 36 ، سٹورٹ براڈ تین اور جیمز اینڈرسن صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے ٹام اورٹن 41 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

اس طرح انگلینڈ کی پوری ٹیم 215 رنز کے خسارے کے ساتھ 227 پر ڈھیر ہوگئی۔

نیتھن لایون نے چار، مچل سٹارک نے تین اور پیٹ کمنز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کی دوسری اننگز میں آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر بھی بری طرح ناکام رہا اور وہ 54 رنز پر چار مستند بلے بازوں سے محروم ہو چکی ہے۔ اوپنر کیمرون بنکرافٹ چار، ڈیوڈ وارنر 14، عثمان خواجہ 20 اور کپتان اسٹیون سمتھ چھ رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ پیٹر ہینڈزکومب اور نائٹ واچ مین نیتھن لایونن تین، تین رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 53 رنز بنا لیے تھے تاہم پہلی اننگز میں شاندار برتری کی بدولت اسے انگلینڈ پر مجموعی طور پر 268 رنز کی سبقت حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024