نئی آئی سی سی رینکنگ میں اسمتھ سرفہرست، اظہر کی ترقی
دبئی: آسٹریلوی کپتان اسٹیون سمتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں بدستورسرفہرست ہیں جبکہ پہلے ایشز ٹیسٹ میں غیرمتاثر کن کارکردگی کے باوجود باؤلرز میں جیمز اینڈرسن کا ٹاپ پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے۔
آئی سی سی نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ اور بھارت اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے۔
پہلے ایشز ٹیسٹ میں 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ بلے بازوں میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے چتیشور پجارا دو درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے البتہ انگلش کپتان جو روٹ اور کیوی قائد کین ولیمسن تنزلی کے بعد بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر چلے گئے۔
سری لنکا کے خلاف شاندار ڈبل سنچری اسکور کرنے کے باوجود بھارتی کپتان ویرات کوہلی پانچویں اور وارنر چھٹے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ اظہر علی ایک درجہ ترقی پا کر آٹھویں نمبر پر آ گئے۔
بھارت کے لوکیش راہل تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے جبکہ ڈین ایلگر ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، دیگر کھلاڑیوں میں مرلی وجے ترقی کے ساتھ 28ویں نمبر پر آ گئے۔
باؤلرز میں پہلے ایشز ٹیسٹ میں مایوس کن کھیل پیش کرنے کے باوجود انگلش فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن سرفہرست ہیں، رویندرا جدیجہ ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئے جبکہ روی چندرن ایشون چوتھے، رنگنا ہیراتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل سٹارک ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے جبکہ اسٹورٹ براڈ تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے۔ آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔