تیسری برسی پر فل ہیوز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کی المناک موت کو تین سال گزر گئے مگر ان کی یادیں آج بھی تازہ ہیں اور آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے دوران کرکٹرز اور شائقین نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
فلپ ہیوز شیفلڈ شیلڈ کے میچ کے دوران سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے اور انھیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 27 نومبر 2014 کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔
فلپ ہیوز نے اپنا پہلا فرسٹ کلاس ڈیبیو 18 سال کی عمر میں نومبر 2007 میں نیو ساؤتھ ویلز کی طرف سے کیا تھا، جس کے بعد وہ جنوبی آسٹریلیا آگئے تھے۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے فلپ ہیوزنے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو فروری 2009 میں 20 سال کی عمر میں کیا اور 26 ٹیسٹ اور 25 ون ڈے مچیوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔
آج فلپ ہیوز کی موت کو تین سال بیت گئے ہیں لیکن ان کی یادیں آج بھی تازہ ہیں اور ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں شائقین اور کرکٹرز نے انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
آسٹریلوی کرکٹرز آج میچ کے پانچویں دن کالی پٹی باندھ کر میدان میں اترے اور جب آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر 63 رنز پر پہنچے تو انہوں نے ہیوز کو خراج عقیدت پیش کیا، جس وقت ہیوز زخمی ہو کر ہسپتال منتقل کیے گئے تھے تو وہ بھی 63 رنز پر ناقابل شکست تھے۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے شائقین بھی ایک لمحے کے لیے اپنے حریف کو بھول گئے اور سیٹوں سے کھڑے ہوکر فلپ ہیوز کی یاد تازہ کی۔
آسٹریلوی ٹیم نے اپنے ٹوئٹس میں بھی فلپ ہیوز کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ہیوز کی موت کے بعد دنیا بھر میں کرکٹ کے حفاظتی سامان کو اپ گریڈ کیا گیا اور ڈومیسٹک میچز میں بھی ہیلمٹ کو بھی لازم قرار دیا گیا۔