پہلے ایشز ٹیسٹ سے قبل وارنر انجری کا شکار
برسبین: آسٹریلوی ٹیم کے نائب کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر انگلینڈ کے خلاف شیڈول ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ سے قبل گردن کی انجری میں مبتلا ہو گئے۔
منگل کو پہلے ٹیسٹ کی تیاری کے سلسلے میں فیلڈنگ پریکٹس کے دوران وارنر اونچا کیچ تھامنے کی کوشش میں گردن کی انجری کا شکار ہو گئے۔
انجری کی وجہ سے انہوں نے نیٹ سیشن چھوڑ کر ڈریسنگ روم میں ڈاکٹرز سے طبی معائنہ کرایا۔
وارنر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے اس سے قبل گردن میں اتنا شدید درد پہلے کبھی نہیں ہوا تاہم مجھے پوری امید ہے کہ پہلے ٹیسٹ سے قبل سو فیصد فٹ ہو جاؤں گا۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی ایشز سیریز سے قبل پہلا ٹیسٹ جمعرات سے برسبین میں شروع ہو گا۔