• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

’جیتی ہوئی نشستوں پر کسی سے اتحاد نہیں ہوگا‘

شائع November 9, 2017 اپ ڈیٹ November 10, 2017
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اپنے انتخابی نشان، پرچم اور منشور کے ساتھ قائم رہے گی جبکہ جیتی ہوئی نشستوں پر کسی سے اتحاد نہیں ہوگا۔

رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ ’گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کے بعد کچھ ابہام پیدا ہوگئے تھے جنہیں دور کرنے کی ضرورت تھی، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے گزشتہ روز سیاسی اتحاد کی بات کی تھی، ایم کیو ایم جیسی کل سے پہلے تھی ویسی ہی رہے گی اور ایم کیو ایم اپنے انتخابی نشان، پرچم اور منشور کے ساتھ قائم رہے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ بات بھی طے ہوئی کہ ہم سیاسی اتحاد تو کرتے رہیں گے لیکن ہماری جیتی ہوئی نشستوں پر کسی سے اتحاد نہیں ہوگا اور ہم ان نشستوں سے پتنگ کے نشان پر ہی الیکشن لڑیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے فاروق ستار پر مکمل اعتماد اور بھروسے کا اظہار کیا اور تمام ارکان ان کی سربراہی پر متفق اور متحد ہیں۔‘

قبل ازیں ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کنور نوید جمیل کی زیر صدارت ہوا، جس میں پاک سرزمین پارٹی سے اتحاد کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور و فکر کیا گیا۔

تاہم رابطہ کمیٹی کے اس اہم اجلاس سے فاروق ستار غیر حاضر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: مصطفیٰ کمال کا ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ

واضح رہے کہ گزشتہ روز فاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے صدر مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس پی سے ’سیاسی اتحاد‘ کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’ایک عرصے سے پی ایس پی اور ایم کیو ایم میں مشاورتی عمل جاری تھا، فیصلہ کیا ہے کہ مل کر سندھ بالخصوص کراچی کے عوام کی خدمت کریں اور بہترین ورکنگ ریلیشن شپ اور سیاسی اتحاد قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سیاسی اتحاد عارضی اور جزوی عمل نہیں، آئندہ انتخابات میں ایک نام، ایک نشان اور ایک منشور کو لے کر جائیں گے، آئندہ ملاقاتوں میں فریم ورک کو تشکیل دیں گے، اتحاد میں دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی دعوت دیں گے کیونکہ سندھ اور کراچی کی خدمت کے لیے دیگر جماعتوں کو بھی ساتھ ملانا ہوگا، جبکہ امید ہے اب ہمارے سیل دفاتر واپس مل جائیں گے۔‘

مصطفیٰ کمال نے فاروق ستار کے سیاسی اتحاد کے اعلان کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک انتخابی نشان کے ساتھ پارٹی کے لیے تیار ہیں، ہم ایک نشان، نام اور منشور پر مل کر ایسی قیادت نکالنا چاہتے ہیں جو پاکستان کی آواز بنے۔‘

ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ اتحاد کے اعلان کے فوری بعد ہی پارٹی اور اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024