• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

شہریوں کو غیر قانونی قید کرنے کا الزام: 3 پولیس اہلکار گرفتار

شائع October 12, 2017

کراچی: غیر قانونی طور پر قید کرنے پر 3 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ثاقب اسمٰعیل میمن کے مطابق تین افراد کو غیر قانونی طور پر قید کرنے پر پولیس افسران کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر قید میں رکھے گئے افراد کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے بازیاب کرایا۔

ثاقب اسمٰعیل میمن کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) تصدیق وارث، سب انسپیکٹر (ایس آئی) ارشاد جٹ اور سب انسپیکٹر یونس جٹ کو محمد خلیل، جمیل احمد اور فیضان نامی افراد کو نبی بخش پولیس اسٹیشن میں غیر قانونی طور پر قید رکھنے پر گرفتار کیا گیا۔

سینئر افسر کا کہنا تھا کہ تینوں شہریوں کو ایس آئی ارشاد جٹ نے بدھ کی صبح کورنگی کے علاقے سے حراست میں لے کر انہیں نبی بخش تھانے میں قید رکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تینوں پولیس افسران نے حراست میں لیے گئے شہریوں کی بازیابی کے لیے ان کے رشتہ داروں سے رقم کا مطالبہ کیا تھا۔

حراست میں لیے گئے شہریوں کے عزیزوں کی شکایت پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو بازیاب کرایا۔

ثاقب اسمٰعیل میمن نے کہا کہ شہریوں کو غیر قانونی طور پر قید رکھنے کے واقعے کی فوری طور پر انکوائری ہوئی جس میں تینوں پولیس افسران جرم میں ملوث پائے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024