• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ہریتھک روشن نے کنگنا رناوٹ پر مقدمہ دائر کردیا

شائع October 2, 2017

بولی وڈ کے ایکشن ہیرو ہریتھک روشن اور بے باک اداکارہ کنگنا رناوٹ کی جانب سے گزشتہ ایک سال سے ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

تاہم اب پہلی بار ہریتھک روشن کی جانب سے کنگنا رناوٹ کے خلاف دائر کیے قانونی مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں، جس میں انہوں نے اداکارہ کی جانب سے ’بلیک میلنگ‘ کی شکایت کی ہے۔

ہریتھک روشن کی جانب سے قانون دان مہیش جیٹھملانی نے کنگنا رناوٹ کے خلاف ممبئی پولیس کے کرائم برانچ محکمے میں 29 صفحات پر مبنی درخواست کے ساتھ مقدمہ درج کرایا۔

ہریتھک روشن کی قانونی ٹیم کی جانب سے ممبئی پولیس کے سائبر کرائم سیل میں رواں برس 8 اپریل کو کنگنا رناوٹ کے خلاف درخواست دی گئی، تاہم اس کی تفصیلات اب سامنے آئی ہیں۔

بھارتی ٹی وی چینل ’ریپبلک‘ نے ہریتھک روشن کی جانب سے دائر کیے جانے والے مقدمے کی تفصیلات کی کاپی حاصل کرلی، جس میں اداکار کی قانونی ٹیم کی جانب سے کنگنا رناوٹ پر کئی الزامات لگائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہریتھک شادی کا وعدہ کرکے مکر گئے‘

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’ہریتھک روشن کو کنگنا رناوٹ کی جانب سے نازیبا ای میل بھیجی گئیں، اداکار کو بلیک میل اور پریشان کیا گیا‘۔

پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ’کنگنا رناوٹ اداکار کو اپنا ابدی پریمی مانتی تھیں‘۔

29 صفحات پر مبنی درخواست میں دونوں اداکاروں کے درمیان روابط کی پوری کہانی بھی بتائی گئی ہے، جس کے مطابق ہریتھک روشن اور کنگنا رناٹ کے درمیان پہلا رابطہ فلم ’کائیٹ‘ کے سیٹ پر ہوا، جہاں سے ان کے درمیان تعلقات آگے بڑھے۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ کنگنا رناوٹ اور ہریتھک روشن ایک دوسرے کے ساتھ 2009 سے 2013 تک جڑے رہے، تاہم ان کے جڑے رہنے کو ’پروفیشنل تعلقات‘ کا نام دیا گیا ہے، جس متعلق دلیل دی گئی ہے کہ اس عرصے کے دوران دونوں اداکاروں کے درمیان فلموں اور پروفیشنل وجوہات کی بناء پر تعلقات قائم رہے۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوٹ کو مرد حضرات سے نفرت نہیں

درخواست میں اعتراف کیا گیا ہے کہ ہریتھک روشن نے کنگنا رناوٹ کو اپنی، اپنے والد اور اپنی بہن کی سالگرہ پارٹی میں شرکت کے لیے دعوت بھی دی، تاہم اس دعوت کو بھی ’پروفیشنل‘ کا نام دیا گیا ہے۔

درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2013 کے بعد ہریتھک روشن اور کنگنا رناوٹ کے درمیان کوئی رابطہ نہیں تھا، تاہم ڈیڑھ سال بعد دونوں اداکاروں کے درمیان فلم ساز کرن جوہر کی سالگرہ پر اتفاق سے ملاقات ہوئی۔

درخواست کے مطابق اس دوران ہریتھک روشن نے کنگنا رناوٹ کو ان کی فلم ’کوئین‘ کی کامیابی پر مبارکباد دی، حالانکہ اس وقت تک انہوں نے فلم دیکھی بھی نہیں تھی، لیکن اداکارہ کا اصرار تھا کہ ہریتھک نے ان کی فلمی دیکھی ہے، اور اسی معاملے سے ہی دونوں کے درمیان تلخیاں بڑھیں۔

دونوں اداکار پہلی بار 2010 میں آنے والی فلم ’کائیٹ‘ میں نظر آئے—اسکرین شاٹ
دونوں اداکار پہلی بار 2010 میں آنے والی فلم ’کائیٹ‘ میں نظر آئے—اسکرین شاٹ

درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد کنگنا رناوٹ نے ہریتھک روشن کو ای میل کرنا شروع کردیں، جن میں نازیبا اور فحش ای میل بھی شامل ہیں۔

ریپبلک ٹی وی کے مطابق کنگنا رناوٹ نے ہریتھک روشن کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ یہ مقدمہ ختم ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ نے لگایا کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام
کرش تھری میں بھی دونوں نے ایک ساتھ کام کیا—اسکرین شاٹ
کرش تھری میں بھی دونوں نے ایک ساتھ کام کیا—اسکرین شاٹ

تاہم ٹی وی نے اپنے ذرائع سے بتایا کہ پولیس اور ہریتھک روشن کی قانونی ٹیم کا دعویٰ ہے کہ مقدمہ ختم نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ نے گزشتہ ماہ اپنی فلم سمرن کی تشہیر کے دوران میڈیا میں متعدد بار ہریتھک روشن اور اداکار ادیتیا پنچولی کی جانب سے بلیک میل کیے جانے کے الزامات لگائے تھے۔

کنگنا رناوٹ نے بھارتی ٹی وی چینل کے پروگرام ’عوام کی عدالت‘ میں الزام عائد کیا تھا کہ ہریتھک روشن ان سے شادی کا وعدہ کرکے مکر گئے۔

کنگنا رناوٹ کا دعویٰ تھا کہ ہریتھک روشن نے ان کے ای میل اکاؤنٹ سے خود کو خود ای میل کیں، اور الزام اداکارہ پر لگایا۔

یاد رہے کہ کنگنا رناوٹ اور ہریتھک روشن نے ’کائیٹ‘ اور ’کرش تھری‘ میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024